یوم عاشور کل مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائیگا، ہزاروں جلوس برآمد ہونگے
لاہور+ کراچی + اسلام آباد+ (سٹاف رپورٹر+ نامہ نگار+ نیوز ایجنسیاں+ کرائم رپورٹر+ نمائندہ خصوصی) یوم عاشور کل انتہائی مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائیگا اور ملک کے تمام چھوٹے اور بڑے شہروں، قصبوں میں ہزاروں تعزیتی جلوس برآمد ہونگے۔ اس سلسلے میں لاہور، کراچی، اسلام آباد، فیصل آباد سمیت مختلف شہروں میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ لاہور سمیت کئی شہروں میں موبائل فون سروس بھی بند رہے گی۔ 54 اضلاع میں فوج، ایف سی اور رینجرز تعینات ہوگی۔ جلوسوں کی ہیلی کاپٹروں سے نگرانی ہوگی۔ ملک بھر میں محرم الحرام کے جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے سخت انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ پنجاب حکومت نے کل یوم عاشور کے موقع پر جلوسوں کی مانیٹرنگ اور سکیورٹی کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں، جلوسوں کے روٹس اور حساس مقامات پر 225 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دئیے گئے ہیں جبکہ 5 ہیلی کاپٹرز محرم کے جلوسوں کی فضائی نگران کرینگے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا اپنا ہیلی کاپٹر بھی اس فضائی نگرانی میں حصہ لے گا۔ اسلام آباد میں 9، 10 اور 11 محرم کو موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔ راولپنڈی میں جلوس کے راستوں پر موبائل فون سروس بند رہے گی۔ پنجاب میں پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ کراچی میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر تین روز کیلئے پابندی عائد کردی گئی ہے۔ لاہور میں بھی آج نو اور دس محرم کو ڈبل سواری پر پابندی ہوگی، موبائل فون سروس بھی بند رہے گی۔ صوبے میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 35 ہزار افسر اور اہلکار تعینات ہوں گے۔ فوج کی پچپن اور رینجرز کی 28 کمپنیاں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہوں گی۔ خیبرپی کے میں پشاور، ڈیرہ اسماعیل خان، ہنگو اور ٹانک کو انتہائی حساس قرار دیتے ہوئے موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایبٹ آباد، کوہاٹ، گلگت، سکردو، اور استور میں بھی موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کوئٹہ میں داخلی اور خارجی راستوں پر 71 چیک پوسٹیں قائم کردی گئی ہیں۔ ساڑھے 5 ہزار پولیس اور ڈھائی ہزار رینجرز اہلکار تعینات ہوں گے۔ فوج بھی الرٹ رہے گی، کل 10 محرم کو شہر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔ خیبر پی کے 4 اضلاع کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق ڈی سی او نورالامین مینگل نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144 کے تحت ضلع بھر میں آج 9 محرم اور کل 10 محرم کیلئے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی ہے۔ ادھرکراچی میں عاشورہ محرم کے موقع پر فول پروف حفاظتی انتظامات کو آخری شکل دیدی گئی۔ مرکزی جلوسوں کی گذرگاہ ایم اے جناح روڈ، ایمپریس مارکیٹ اور ریگل چوک پر پانچ ہزار سے زائد دکانوں اور مارکیٹوں کو سیل کرنے کے علاوہ ذیلی سڑکوں اور گلیوں کو تین سو سے زائد کنٹینروں کی مدد سے بند کر دیا گیا جبکہ سول ہسپتال کے قریب محرم الحرام کے مرکزی جلوس میں گھسنے والے مشتبہ شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ آج 9 اور کل 10 محرم کو کراچی میں ڈبل سواری اور ممکنہ طور پر موبائل فون سروس پر بھی پابندی ہوگی۔ سیکرٹری داخلہ سندھ نے کہا ہے کہ آج 9 محرم اور کل 10 محرم کو سندھ بھر میں موبائل فون سروس بند رہے گی۔ ادھر کوئٹہ میں بھی آج اور کل موبائل فون سروس بند رکھنے کے احکامات جاری کردئیے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں لاہور میں ڈی سی او آفس میں قائم کنٹرول روم، وائرلیس روم، کربلا گامے شاہ اور ایمرجنسی میڈیکل کیمپ لگایا گیا۔ اس موقع پر پولیس افسران، ڈی سی او لاہور عثمان یونس، سی سی پی او، ڈی آئی جی پولیس اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے جبکہکرنل (ر) شجاع خانزادہ کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی کیمروں کے مقامات پر بجلی کی معطلی کی صورت میں وہاں جنریٹرز اور دیگر متبادل انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ سکیورٹی کاعمل کسی بھی طرح متاثر نہ ہوسکے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یوم عاشور کے موقع پر جلوس کے گرد سکیورٹی کے چار حصار قائم کئے جائیں گے اور ڈی سی او آفس میں قائم کنٹرول روم میں تمام لائن ایجنسیوں کے گریڈ 18 اور 19 کے افسران ہمہ وقت موجود رہیں گے۔ لاہور سمیت صوبے کے تمام اضلاع کے کنٹرول رومز کو صوبائی سطح کے مرکزی کنٹرول روم سے منسلک کر دیاگیا ہے۔ لاہور کیلئے 26 ہزار جبکہ صوبہ کے دیگر اضلاع کیلئے ایک لاکھ 20 ہزار پولیس حکام کی نفری تعینات کی گئی ہے۔ تمام اضلاع کی ضلعی انتظامیہ اور امن کمیٹیوں کو مکمل بااختیار بنا دیا گیا ہے۔علاوہ ازیں کراچی کے مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس گزشتہ رات ہی بند ہو گئی۔ کراچی کے ضلع غربی اور ضلع ملیر میں یہ سروس بند ہوئی جبکہ موبائل فون سروس آج صبح 6 بجے بند کرنے کا کہا گیا تھا۔