مہنگائی ، ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کو نشان عبرت بنا دیا جائے: نوازشریف
لاہور+ اسلام آباد (خبر نگار+ وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نیک نیتی سے عوام کے مسائل حل کرنے پر توجہ دے رہی ہے۔ ماضی میں کسی حکومت نے تیل کی قیمت میں اتنی زیادہ کمی کر کے عوام کو ریلیف نہیں پہنچایا جتنا ہماری حکومت نے پہنچایا۔ یہ عوام پر احسان نہیں ہمارا فرض ہے۔ انشاء اللہ جب حکومت اپنی مدت مکمل کر کے عوام کی عدالت میں جائیگی تو انہیں روشن، توانا اور ترقی یافتہ ملک دے کر جائیگی۔ پاکستان خطے کے ممالک کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف سے ملاقات کے دوران کیا۔ دونوں رہنمائوں نے محرم الحرام کے سلسلے میں کئے گئے سکیورٹی انتظامات، ترقیاتی منصوبوں میں پیشرفت، پولیو کے خاتمہ کے لئے کئے جانیوالے انتظامات، توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے نئے شروع کئے گئے اور جاری منصوبوں کے علاوہ مہنگائی پر کنٹرول، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے کے بعد اشیائے ضروریہ کی عام آدمی کو مناسب قیمت پر فراہمی کو یقینی بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم نواز شریف کو بتایا کہ پنجاب حکومت نے عاشورۂ محرم کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے ہیں۔ رینجرز اور پاک فوج کے دستوں کو الرٹ رکھا جا رہا ہے۔ انٹر سٹی بسوں، گڈز ٹرانسپورٹرز، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کے لئے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ صوبائی حکومتیں پرائس کنٹرول کمیٹیوں اور مجسٹریٹس کو سرگرم کریں۔ مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کرنیوالے عناصر کو نشان عبرت بنا دیا جائے۔ سبزیوں، مرغی اور چھوٹے بڑے گوشت کے علاوہ دالوں اور بیکری آئٹمز کی قیمتوں کو بھی نیچے لانے کے ٹھوس اقدامات کئے جانے چاہئیں۔ حکومت نے گندم کی امدادی قیمت میں 100روپے فی من اضافہ کر کے کاشتکار کی حالت مزید بہتر بنانے کی سعی کی ہے دیگر اجناس کی قیمتوں میں اضافہ کیا جائے گا۔ حکومت ملک کے اندر اور باہر تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مذاکرات پر یقین رکھتی ہے۔ قانون نافذ کرنیوالے ادارے محرم الحرام کے دوران اپنی ذمہ داریاں دل جمعی سے مکمل کریں۔ وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے وزیراعظم کو یقین دہانی کرائی کہ عوام کو ملنے والی سہولت کی راہ میں رکاوٹ بننے والوں کوکسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اپنی رہائش گاہ پر پارٹی رہنمائوں اور شاہراہوں کے بارے میں ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ملکی ترقی اور خوشحالی کی راہ میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائیگی‘ حکومت اور جمہوریت کیخلاف سازشیں کرنیوالے ملک کو کمزور کرنا چاہتے ہیں جنہیں ناکام بنایا جائیگا۔ ملک بھر میں موٹرویز کا جال بچھا دیں گے۔ وزیراعظم کی صدارت میں ہونیوالے اجلاس میں وفاقی و صوبائی سیکرٹریز سمیت دیگر ذمہ داروں نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ کسی کو احتجاجی دھرنوں سے ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دینگے اور ہر صورت ملک کی ترقی کا مشن جاری رکھا جائیگا۔ اپنے بیان میں وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ گندم کی امدادی قیمت میں اضافہ سے زرعی شعبہ کی حوصلہ افزائی ہو گی اور یکساں امدادی قیمت سے ملک بھر کے تمام کاشتکاروں کو ہموار سطح فراہم ہو گی اور کاشتکاروں کی زیادہ اراضی زیر کاشت لانے کیلئے حوصلہ افزائی ہو گی۔ اسی طرح تیل کی قیمتوں میں حالیہ کمی سے عوام بالخصوص زرعی شعبہ کو فائدہ ہو گا جس سے کھاد بیج اور دیگر زرعی ضروریات کی لاگت میں کمی آئے گی۔ گندم کی فی 40 کلوگرام 1300روپے کی امدادی قیمت میں اضافے کے بروقت فیصلے، گندم کی درآمد پر 20فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کرنے اور پٹرولیم مصنوعات بالخصوص ڈیزل کی قیمت میں کمی سے کاشتکاروں کو زیادہ فائدہ حاصل ہو گا، کاشت کار برادری فی ایکڑ 3500 تا 5000 اضافی آمدن کمائے گی۔