پی ٹی آئی مذاکرات بحال کرنے پر آمادہ: عمران بات چیت کا مکمل اختیار دیں: پرویز رشید
اسلام آباد(این این آئی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویزرشید نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے تعطل کا شکار مذاکراتی عمل دوبارہ شروع کرنے پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔ طاہر القادری کی جانب سے دھرنا ختم کئے جانے کے بعد عمران خان اپنے سامنے خالی کرسیاں دیکھ کر سیخ پا ہوجاتے ہیں، تحریک انصاف نے14 اگست کو اسلام آباد میں 30 لاکھ لوگوں کو لے کر آنے کا دعوی کیا تھا، حکومت نے انہیں اس وقت بھی نہیں روکا تھا تو 30 نومبر کو بھی نہیں روکیں گے۔ سرکاری خبررساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے پرویز رشید کا کہنا تھا کہ کسی بھی مسئلے کا حل بات چیت سے ہی نکلتا ہے، حکومت نے تحریک انصاف سے مذاکرات کے دروازے کبھی بند نہیں کئے، پی ٹی آئی نے بھی تعطل کا شکار مذاکراتی عمل دوبارہ شروع کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے تاہم اس کے لئے عمران خان کو اپنی مذاکراتی ٹیم کو بات چیت کے لئے مکمل اختیار دینا چاہئے۔