معصوم شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے اپنے انجام سے نہیں بچ سکیں گے: شہباز شریف
لاہور (خبر نگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے واہگہ بارڈر کے قریب ہونے والے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور اس اندوہناک واقعہ کی پرزور مذمت کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور زخمیوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد دو صوبائی وزراء میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن اور بلال یٰسین کو گھرکی اور شالیمار ہسپتال روانہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ ذاتی طور پر زخمیوں کو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی اور ان کی دیکھ بھال کے لئے وہیں موجود رہیں اور انہیں طبی امداد کو یقینی بنائیں۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ صحت کے حکام کو بھی ہدایت کی ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں بھی زخمیوں کو علاج معالجے کی ہرممکن سہولت فراہم کی جائے۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایسی بزدلانہ کارروائیاں پاکستانی قوم اور ہماری بہادر افواج اور رینجرز کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔ بم دھماکوں میں معصوم شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے اپنے انجام سے نہیں بچ سکیں گے اور انہیں ہر صورت کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا۔ ہم سب کے حوصلے بہت بلند ہیں اور انشاء اللہ ساری قوم کی حمایت سے مطلوبہ نتائج حاصل ہونے تک دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری رہے گا۔ ضرب عضب میں ہماری بہادر افواج مردانہ وار جنگ لڑ رہی ہیں اور انشاء اللہ ہم ملک دشمن عناصر کے عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ افواج پاکستان نے ملک و قوم کی حفاظت کا قومی فریضہ انتہائی بہادرانہ انداز میں ادا کیا ہے اور ساری قوم دہشت گردوں کے خلاف فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں غیر معمولی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ سکیورٹی ادارے مرتب کردہ سکیورٹی پلان پر ہر قیمت پر عملدر آمد یقینی بنائیں۔ مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے اور ان کے گرد چار درجاتی حصار قائم کیا جائے۔ سینئر افسران سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کیلئے خود فیلڈ میں موجود رہیں۔ اشتعال انگیز تقاریر اور نفرت پر مبنی مواد تقسیم کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز فوری کارروائی کی جائے۔ شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے آپس میں قریبی رابطہ رکھیں۔ وہ گزشتہ روز یوم عاشور پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ انہوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے راولپنڈی اور ملتان ڈویژن کے اجلاسوں سے بھی خطاب کیا۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کٹھن دور سے گزر رہا ہے۔ دہشت گردی اور انتہا پسندی نے وطن عزیزکی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ ملک دشمن عناصر ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں۔ پوری قوم کو متحد ہوکر ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم اور ارادوں کو ناکام بنانا ہے۔ سکیورٹی اداروں کو پوری طرح چوکس رہتے ہوئے اپنے فرائض محنت اور جانفشانی سے سرانجام دینا ہوں گے۔ انشاء اللہ امن کے دشمنوں کے عزائم ناکام ہوں گے۔ علماء کرام معاشرے میں بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے قیام کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات ہر صورت عام آدمی تک پہنچنے چاہئیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا حقیقی فائدہ عوام تک منتقل کرنا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔ قیمتوں میں کمی کا فائدہ عام آدمی تک نہ پہنچا تو یہ زیادتی ہوگی جسے کسی صورت برداشت نہیں کروں گا۔ متعلقہ ادارے تندہی اور جانفشانی سے کام کریں اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے حقیقی ثمرات کی عوام تک منتقلی یقینی بنائیں۔ وہ پرائس کنٹرول کے حوالے سے اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو سہولتیں اور ریلیف کی فراہمی کے لئے ہر ضروری قدم اٹھایا جائے۔ عوام کو ناجائز منافع خوروں کے رحم و کرم پر کسی صورت نہیں چھوڑا جا سکتا۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کے حوالے سے فیئر فارمولا بنایا جائے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے روزمرہ استعمال کی اشیائے ضروریہ، پھلوں، سبزیوں اور ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی لانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں۔ اس مقصد کیلئے ماہرین کی مشاورت سے حقیقت پسندانہ فارمولہ فوری طور پر وضع کیا جائے۔ وضع کردہ فارمولہ اور ایکشن پلان پر پوری طرح عملدر آمد یقینی بنایا جائے۔ ایکشن پلان پر عملدرآمد کی مانیٹرنگ کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پٹرول پمپوں پر مقررہ نرخوں پر پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ کسی بھی پٹرول پمپ پر پٹرول یا ڈیزل کی عدم دستیابی کی شکایت پیدا نہیں ہونی چاہئے۔