وزراء اور سیاستدانوں کی طرف سے خودکش دھماکے کی مذمت
لاہور (خصوصی رپورٹر/ خصوصی نامہ نگار/ خبر نگار) خودکش حملے کی وزرائ‘ سیاسی رہنماؤں نے شدید مذمت کی ہے۔ راجہ ظفرالحق‘ آصف کرمانی‘ پرویز رشید‘ سعد رفیق سمیت دیگر وزراء نے حملے کو بزدلانہ کارروائی قرار دیا اور کہا کہ دہشت گرد قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ دریں اثناء گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے سروسز ہسپتال لاہور میں واہگہ بارڈر خودکش حملے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ افواج پاکستان اور پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔ آصف زرداری‘ بلاول بھٹو نے بھی حملے کی مذمت کی ہے۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق‘ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان‘ سابق صدر پرویز مشرف سمیت دیگر نے بھی مذمت کی۔ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے واہگہ بارڈر کے قریب ہونے والے دھماکے میں جانی نقصان پر دلی دکھ کا اظہار کیا ہے۔ رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے لاہور واہگہ بارڈر پر ہونے والے خودکش حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے بھی دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ حکومت کے فول پروف سکیورٹی انتظام کے تمام دعوے بے نقاب ہو گئے ہیں۔ شجاعت حسین اور چودھری پرویز الٰہی نے بھی دھماکہ پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ متحدہ کے قائد الطاف حسین نے خودکش بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ الطاف حسین نے کہا کہ بڑے پیمانے پر لوگوں کے زخمی ہونے پر ہسپتالوں میں خون کی کمی درپیش ہے لہٰذا میں عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ہسپتال پہنچ کر زخمیوں کیلئے بڑھ چڑھ کر عطیات دیں۔