شہریوں کی پرائیویسی کے حقوق کا تحفظ کیا جائے‘ جنرل اسمبلی میں مسودہ قرارداد پیش
واشنگٹن (ثناء نیوز) جرمنی اور برازیل نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اس ڈیجیٹل دور میں شہریوں کی پرائیویسی کے حقوق سے متعلق قرارداد کا مسودہ جمع کرایا ہے۔اس مسودے میں کہا گیا ہے کہ حد سے زیادہ الیکٹرانک نگرانی کو ختم کرنا چاہیے۔ اس مسودے میں کہا گیا ہے کہ غیر قانونی طور پر ذاتی معلومات حاصل کرنا انتہائی نامناسب اور ذاتی زندگی میں دخل دینے والا عمل ہے۔ برازیل اور جرمنی دونوں نے امریکہ کی جانب سے بڑے پیمانے پر کی جانے والی نگرانی کے الزامات پر ناراضگی ظاہر کی ہے۔ امریکی نگرانی کے متعلق ایڈورڈ سنوڈن نے انکشاف کیا تھا جس کے بعد تواتر کے ساتھ اس بابت نئی باتیں سامنے آ رہی ہیں۔واضح رہے کہ اس مسودے پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی انسانی حقوق کی کمیٹی میں بحث ہوگی۔ اس مسودے میں کسی ملک کا نام نہیں لیا گیا ہے۔ اس مسودے میں 193 رکنی جنرل اسمبلی سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کمیو نیکیشن کی نگرانی کے نتیجے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر تشویش کا اظہار کرے۔ اس قرارداد پر اس ماہ کے آخر میں ووٹنگ ہونی ہے۔ اس مسودے میں تمام ممالک سے بین الاقوامی قانون کے تحت پرائیویسی کے احترام کی ضمانت دینے کی درخواست کی گئی ہے۔ اس مسودے میں ان الزامات کا بھی ذکر ہے جس میں امریکہ نے دوسرے ممالک کے رہنماؤں مثلاً برازیل کی صدر اور جرمنی کی چانسلر کے فونز کی جاسوسی شامل ہیں۔