سینٹ، قومی اسمبلی کے ہنگامہ خیز اجلاس کل ہونگے ‘طالبان قیادت پر ڈرون حملے سے پیدا شدہ صورت حال پر بحث متوقع
اسلام آباد ( خبرنگار خصوصی ) پارلیمنٹ کے ہنگامہ خیز اجلاس کل (پیر کو) ہوں گے۔ قومی اسمبلی نئے سیشن کا آغاز ہو گا۔ سینٹ کا اجلاس دو روز کے وقفہ کے بعد شروع ہو گا۔ شمالی وزیرستان کے علاقے ڈانڈے درپہ خیل میں تحریک طالبان پاکستان کی قیادت پر امریکی ڈرون حملے کے نتیجہ میں پیدا شدہ صورت حال پر پارلیمنٹ میں بحث متوقع ہے۔ سینٹ اجلاس کے لئے اپوزیشن جماعتوں کو آمادہ کر لیا گیا ہے۔ دونوں اجلاس سہ پہر ہوں گے۔ دونوں ایوانوں میں امریکی ڈرون طیاروں کے حملوں کے نتیجہ میں طالبان سے مذاکراتی و امن عمل کی کوششوں کو دھچکا لگنے اور ممکنہ اثرات پر بحث متوقع ہے۔