جمہوریت‘ اداروں کا استحکام آزادیِ اظہار کے بغیر ناممکن‘ ڈاکٹر خالد مقبول 

May 03, 2025

کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے آزادیِ صحافت کے عالمی دن پر صحافی برادری کو مبارک باد اور خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ صحافت ترسیل ابلاغ اپنے افکار و اظہار کی تشہیر اور حالاتِ حاضرہ کی معلومات پہنچانے کا بہترین وسیلہ ہے صدیوں کے تجربات نے یہ ثابت کیا ہے کہ آئین کی بالادستی جمہوریت کا تحفظ اداروں کی مضبوطی اور فلاح انسانیت آزادیِ اظہار کے بغیر ناممکن ہے، برصغیر کی آزادی میں صحافت کا کردار تاریخی رہا ہے، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ صحافت ریاست کے چوتھے ستون کی حیثیت رکھتی ہے مختلف ادوار میں لگنے والی قدغنوں کے باوجود اخلاقی و سماجی اقدار کی پابند صحافت اپنی اہمیت کو منوانے میں کامیاب رہی ہے سچ کی تلاش سے لے کر حق کو بیان کرنے اور قلمی جہاد کا فریضہ حقیقی معنوں میں ادا کرنے والے صحافی سلام پیش کیئے جانے کے مستحق ہیں، صحافت کے ہماری سماجی سیاسی معاشرتی تہذیبی اور اقتصادی زندگی پر منفی یا مثبت اثرات مرتب ہوتے رہتے ہیں، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا مزید کہنا تھا کہ آج اس مقدس شعبے کو تجدید اور اس کے معیارات کو ازسرنو ترتیب دینے سمیت اس کی اہمیت کو نئے سطور پر استوار کرکے دنیا بھر میں اجاگر کرنے اور بے رحم سرمایہ داری کی بھینٹ چڑھنے سے روکنے کی اشد ضرورت ہے۔ ایم کیو ایم ایک ایسے آزاد پاکستانی معاشرے کا خواب شرمندہ تعبیر کرنے کی جدوجہد پر عمل پیرا ہے جہاں ہر ایک کو آزادی اظہار کی آزادی ہو، صحافیوں کو جان و مال کا تحفظ ہو اور جمہوریت اپنی بنیادی اور اصل حیثیت میں بحال ہو۔ 

مزیدخبریں