امارات کی تاجر برادری پاکستانی برآمدات بڑھانے میں فعال کردار ادا کرے: احسن اقبال 

May 03, 2025

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے پاکستان بزنس کونسل دبئی کے وفد سے ملاقات کی۔ ملاقات میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں پاکستان کے  سفیر فیصل نیاز ترمذی، قونصل جنرل حسین محمد اور متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفارتی مشن کے دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ وفاقی وزیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے، پی بی سی دبئی کے چیئرمین،  شبیر مرچنٹ نے حکومت کے ساتھ براہ راست رابطہ قائم کرنے کے موقع پر گہری تعریف کی۔ انہوں نے اسلام آباد میں حالیہ اوورسیز کنونشن کے انعقاد پر حکومت پاکستان کی تعریف کی، جس میں متحدہ عرب امارات میں مقیم کاروباری وفد نے بھرپور شرکت کی۔ پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے اجتماع کو متحدہ عرب امارات میں وفاقی وزیر احسن اقبال کی حالیہ اعلیٰ سطح مصروفیات کے بارے میں آگاہ کیا، جس میں ان کی  عبداللہ محمد البستی کے ساتھ ملاقاتیں بھی شامل تھیں۔ احمد تمیم ہشام الکتب، چئیرمین ڈپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایبلمنٹ، ابوظہبی، اور . عبداللہ محمد البستی، دبئی کی ایگزیکٹو کونسل کے سیکرٹری جنرل سے احسن اقبال کی ملاقاتیں ہوئیں۔ پاکستان کے سفیر نے ابوظہبی میں کمیونٹی سکول کا دورہ کرنے اور دبئی میں قونصلیٹ جنرل کی جانب سے یوم پاکستان کے استقبالیہ میں شرکت کرنے پر وفاقی وزیر احسن اقبال کا شکریہ بھی ادا کیا۔ 1998سے پاکستان بزنس کونسل کے ساتھ اپنی دیرینہ وابستگی کو یاد کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے متحدہ عرب امارات میں پاکستانی تاجر برادری کو تاکید کی کہ وہ پاکستان کی برآمدات کو بڑھانے اور ملک کی اقتصادی ترقی میں معاونت کے لیے غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں فعال کردار ادا کریں۔

مزیدخبریں