سابق ایم این اے لیاقت عباس بھٹی‘ ایم پی اے شعیب شاہ بخاری مسلم لیگ ن میں شامل

حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت + نمائندہ خصوصی) پی ٹی آئی کے ضلعی قائد چوہدری مہدی حسن بھٹی کے بھائی اور سابق وفاقی وزیر ایم این اے چوہدری لیاقت عباس بھٹی، سابق ایم پی اے سید شعیب شاہ بخاری ق لیگ کو چھوڑ کر مسلم لیگ ن میں شامل ہو گئے۔ اس سلسلہ میں انہوں نے گذشتہ روز سابق وفاقی وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ، سابق ایم این اے میاں شاہد حسین بھٹی، سابق ایم پی اے ڈاکٹر مظفر علی شیخ ، ن لیگ کے ضلعی صدر محمد بخش تارڑ و دیگر راہنمائوں کے ہمراہ لاہور میں حمزہ شہباز شریف سے ملاقات کی اور مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے ن لیگ میں شامل ہونے والے دونوں راہنمائوں نے چند روز قبل بزرگ لیگی راہنما چوہدری افضل حسین تارڑ سے ملاقات کی تھی جس کے بعد ضلع بھر میں دونوں راہنمائوںکی ن لیگ میں شمولیت کی افواہیں گردش کر رہی تھیں۔ سابق وفاقی وزیر لیاقت عباس بھٹی اور سید شعیب شاہ کی ن لیگ میں شمولیت سے مہدی حسن بھٹی خاندان کی سیاست کو سخت دھچکا لگا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور نواز شریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ حمزہ شہباز شریف نے مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ملک کو جس دلدل میں دھنسا دیا گیا ہے اس سے صرف مسلم لیگ ن ہی نکال سکتی ہے۔ حمزہ شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے اس سے پہلے بھی ملک کو بھنور سے نکالا ہے اور انشاء اللہ عوام کی طاقت اور اللہ کی مدد سے آگے بھی ملک کو دوبارہ سے ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔