یوم علیؓپر ماتمی جلوس نکالنے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی : آئی جی پنجاب
لاہور(نامہ نگار)آئی جی پنجاب پولیس انعام غنی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کے احکامات اور این سی او سی کی گائیڈ لائنز کے مطابق رواں برس یوم علیؓ پرماتمی جلوس نکالنے کی اجازت نہیں ہے۔اگرصوبہ بھرمیں کسی جگہ جلوس نکالا گیا تو اس کے منتظمین کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑیگا۔ شہریوں کا غیر ذمہ دارانہ رویہ کروناء کے پھیلاؤ میں سنگین اضافے کا باعث بن سکتا ہے۔ یوم حضرت علیؓ پرسکیورٹی بارے آئی جی آفس میں صوبہ بھر کے پولیس افسران کا ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ رواں برس یوم حضرت علی ؓ پر صوبہ بھر میں ماتمی جلوس نکالنے کی اجازت نہیں تاکہ کرونا کے پھیلاؤ کو ہر ممکن حد تک روک کر شہریوں کی قیمتی زندگیوں کو تحفظ فراہم کیا جاسکے۔ صوبہ بھر میں کرونا ایس او پیز پرسختی سے عملدرآمدکے تحت صرف مجالس منعقد کی جائیں گی۔اگرصوبہ بھرمیں کسی جگہ جلوس نکالا گیا تو اس کے منتظمین کو قانونی کاروائی کا سامنا کرنا پڑیگا۔ شہریوں کا غیر ذمہ دارانہ رویہ کرونا کے پھیلاؤ میں سنگین اضافے کا باعث بن سکتا ہے لہٰذا مجالس کے منتظمین اور شریک عزاداروں کو کرونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کا پابند کیا جائے۔ یوم حضرت علیؓکی مجالس کی سکیورٹی کیلئے صوبہ بھر میں جامع حکمت عملی کے تحت تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاکربہترین انتظامات کو یقینی بنایا جائیگا۔