فضائی آلودگی سے دنیا میں ہر سال 70 لاکھ اموات، ایشیا، افریقہ سب سے زیادہ متاثر: عالمی ادارہ صحت
جنیوا(اے این این )اقوام متحدہ کے صحت کے امور سے متعلق ادارے ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے فضائی آلودگی ہر سال 70 لاکھ افراد کو نگل جاتی ہے، ایشیا اور افریقہ کے ممالک میں فضائی آلودگی سب سے زیادہ ہے۔ڈبلیو ایچ او نے عالمی ماحولیاتی آلودگی پر ایک نئی رپورٹ جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے دنیا میں ہر 10میں سے 9 افراد آلودہ ہوا میں سانس لے رہے ہیں، فضائی آلودگی ہر سال 70 لاکھ افراد کو موت کی وادی میں دھکیل دیتی ہے۔ دل کی بیماریوں، سٹروک اور پھیپھڑوں کے کینسر کے شکار ایک چوتھائی لوگ ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے بیمار پڑتے ہیں۔عالمی ادارہ صحت نے دنیا کے 4 ہزار 300 شہروں کے تجزئیے کے بعد جاری رپورٹ میں کہا ہے کہ ایشیا اور افریقہ کے غریب ممالک میں ماحولیاتی آلودگی سے مرنے والوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔رپورٹ کے مطابق دنیا میں بھارتی دارالحکومت نئی دہلی آلودگی کے لحاظ سے سرفہرست ہے۔ بھارت کے 14 شہروں کو اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔