ٹریکٹر انڈسٹری کے سیلز ٹیکس ریفنڈ واجبات3 ارب روپے سے تجاوز کر گئے
کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان آٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن(پاما) نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریکٹر انڈسٹری کے سیلز ٹیکس ریفنڈ کی مد میں جمع شدہ 3 ارب روپے فوری جاری کرے۔پاما نے اس حوالے سے ایک خط وزیر اعظم کے خصوصی معاون برائے خزانہ منسٹر آف اسٹیٹ ہارون اختر خان کو تحریر کیا ہے۔ اس خط میں ڈی جی پاما عبدالوحید نے مقامی فارم ٹریکٹرانڈسٹری کے سیلز ٹیکس ریفنڈ کی مد میں روکے گئے واجبات سے انڈسٹری کو درپیش مشکلات کو بھی اجاگر کیا۔انہوں نے کہا کہ ٹریکٹر انڈسٹری کے سیلز ٹیکس ریفنڈ کی مد میں واجبات تین ارب روپے سے بھی بڑھ گئے ہیں اور نومبر 2017 سے بالکل ادائیگیاں نہ ہونے کی وجہ سے ان میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ ان واجبات کی ادائیگی نہ ہونے سے انڈسٹری کی مالی مشکلات بڑھ گئی ہیں اور ٹریکٹر انڈسٹری کا مستقبل مخدوش ہوگیا ہے۔ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ زرعی ٹریکٹر پر 5 فیصد سیلز ٹیکس ہے جبکہ پرزہ جات کی درآمد اور مقامی خریداری پر 17 فیصد کا سیلز ٹیکس بھی عائد ہے۔ ایک ٹریکٹرپر اِن پٹ ٹیکس کی رقم آئوٹ پُٹ ٹیکس سے زیادہ ہے۔ اس مسئلے کی وجہ سے مستقل بنیادوں پر ریفنڈ میں اضافہ ہورہا ہے۔ ہم نے اس سے قبل بھی درخواست دی تھی اور بجٹ تجاویز میں بھی ہر سال سفارش کی ہے کہ اس سُقم کو دور کیا جائے۔