ناہید خان کا شیخ رشید کے مقابلے میں الیکشن لڑنے کا فیصلہ
راولپنڈی (محمدرضوان ملک /نیوزرپورٹر) سابق وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو کی پولیٹیکل سیکرٹری اور پاکستان پیپلز پارٹی کی صدارت کی دعویدار ناہید خان نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے مقابلے میں الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ناہید خان کی جانب سے میدان میں آنے کے فیصلے کے بعد شیخ رشید احمد کی مشکلات میںمزید اضافہ ہوگیا ہے جو راولپنڈی کے دو حلقوں این اے 62 اور 63 سے الیکشن میں حصہ لینے کے خواہشمند ہیں۔ذرائع کے مطابق ناہید خان کی جانب سے شیخ رشید کے مقابلے میں سامنے آنے پر مسلم لیگ ن بھی ان حلقوں سے غیر مشروط طور پر ناہید خان کی حمایت پر آمادہ ہے کیونکہ مسلم لیگی قائدین ہر حال میں راولپنڈی سے شیخ رشید کی سیاست کا خاتمہ چاہتے ہیں ۔ ناہید خان جو پیپلز پارٹی ورکرز کے صدر سابق سینٹر صفدر عباسی کی اہلیہ ہیں ان کی راولپنڈی میں ساکھ کافی بہتر ہے۔ یا درہے کہ ناہید خان نے سپریم کورٹ میں پاکستان پیپلز پارٹی کی ملکیت کا بھی دعویٰ بھی کر رکھا ہے کیونکہ مشرف دور میں موجودہ پیپلز پارٹی نے پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹرین کے نام سے الیکشن میں حصہ لیا تھا اور یہ جماعت پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے نام سے ہی الیکشن کمیشن میں رجسٹرہے۔جسے امین فہیم نے بحیثیت صدر رجسٹر کرایا تھا اور اس کے جنرل سیکرٹری سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف تھے۔ اس لئے ناہید خان کا دعویٰ ہے کہ اصل پیپلز پارٹی جو بھٹو کی پیپلز پارٹی تھی وہ ان کی جماعت ہے ۔ دوسری طرف بلاول بھٹو زرداری بھی پیپلز پارٹی کی ملکیت کے دعویدار ہیں جس کے باعث ناہید خان کے ساتھ ان کا کیس بھی چل رہا ہے۔