مصائب سے نجات کا واحد راستہ محمد و آل محمدؐ کی پیروی ہے ،حامد موسوی
اسلام آباد(نیوز ڈیسک)قائدملت ِجعفریہ آغا سید حامدعلی شاہ موسوی کے اعلان کے مطابق حضرت حجت ابن الحسن العسکری علیہ السلام کا جشن وردو مسعود جمعہ کو ’’عالمگیر یوم عدل‘‘ کے طورپرمنایا گیا ۔اس موقع پر ملک کے تمام چھوٹ بڑے شہروں، قصبوں کی مساجد ،امامبارگاہوں اور کھلے مقامات پر محافلِ میلاد ،کانفرنسیں ،سیمینار اور ظہور امام العصر ؑکی مناسبت سے جلسے منعقد ہوئے اور حاجتمندوں نے دریائوں ،نہروں اور ڈیموں میں اپنی حاجات کیلئے عریضہ جات سپردِ آب کئے ۔ بلاتفریق مسلک و مکتب مساجد،امامبارگاہوں اور عبادت گاہوں میں نیمہ شعبان (شب برات )خصوصی دعائوں اور جشن کے پروگرام منعقد ہوئے،وطن کا ذرہ ذرہ جگمگا رہا تھا جبکہ پوری کائنات بقعہ نور بنی ہوئی تھی ،ہر فرد مرد و زن اور چھوٹے بڑے بارگاہ ِایزدی میں گڑگڑا کر دعائیں اور آہ و زاری کر کے سجدہ ریز ہوکر شکر بجا لارہے تھے۔ تحریک نفاذفقہ جعفریہ ضلع اسلام آباد کی ایام عدل کمیٹی ، مختارسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ،ایم او، کے زیر اہتمام کی راول ڈیم کے سبزہ زار میں مرکزی اجتماع صبح تک جاری رہاجسکی صدارت تنظیم کے چیئر مین سیدمحمد عباس کاظمی نے کی جبکہ سیکرٹری جنرل ٹی این ایف جے سید شجاعت علی بخاری ، علامہ بشارت حسین امامی ، حاجی محمد ثقلین ، سیدسبط الحسن بخاری، شوکت جعفری ، بو علی مہدی ، علی اجو د نقوی ، علامہ فخر عابدی ، فرحت عباس نقوی اور دیگر مہمانان خصوصی تھے ۔ بوقت فجرحاجتمندوں کے قافلوں نے راول ڈیم میں اپنے حاجات کے عریضے سپرد آب کیے ،اجتماعی دعا علامہ بشارت حسین امامی نے کرائی ۔ اس موقع پر جشن امام زمانہ ؑ کا خصوصی کیک کاٹاگیا۔ مرکزی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سیدقمرحیدرزیدی نے اس موقع پر قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کو خصوصی پیغام پیش کیا جس میں انہوں نے کہا کہ ظلم و دہشت گردی انتہاؤں کو چھو رہی ہے دنیا کا ہر مظلوم و محروم مہدی موعود ؑکا منتظر ہے ۔آقای موسوی نے اپنے پیغام میں باور کرایا کہ عالم اسلام کے مصائب و آلام سے نجات کا واحد راستہ محمد و آل محمدؐ کے پاکیزہ اصولوں کی عملی پیروی ہے ۔انہوں نے یہ بات زور دیکر کہی کہ مشکلاتِ زمانہ سے چھٹکارا حاصل کرنے کیلئے امام زمانہ ؑ کا دامن تھامنا ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ یہ وقت دہشت گردی کیخلاف عساکرپاکستان کی پشت مضبوط کرنے کاہے کیونکہ آپریشن ردالفساد دہشت گردوں کی موت ہے ۔ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا ایک عظیم مسیحا کی منتظر ہے جو ظلم و جور سے بھری دنیا کو عدل و انصاف سے بھر دے گا ۔سید قمر زیدی نے کوئٹہ میں ہزارہ بردرای اور اہلسنت اور سنی شیعہ بے گناہ افراد کی مسلسل ٹارگٹ کلنگ کی پر زور مذمت کرتے ہوئے تمام مکاتب کے کالعدم گروپوں کو نکیل ڈالنے اور نیشنل ایکشن پلان کی ہر شق پر موثر عملدرآمد کا پرزور مطالبہ کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا کہ وہ حقیقی معنوں میں جمہوریت کو فروغ دینے کیلئے فرقہ ورانہ پلیٹ فارم سے الیکشن میں حصہ لینے اور مذہبی گروپوں کی بیرونی امداد پر فوری پابندی عائد کرے۔