مدھیہ پردیش: پولیس بھر تی کے مرد و خواتین امیدواروں کا ایک ہی کمرے میں میڈیکل ٹیسٹ
نئی دہلی (این این آئی) بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں پولیس کانسٹیبل بننے کیلئے آنیوالے مرد و خواتین امیدواروں کا میڈیکل ٹیسٹ ایک ہی کمرے میں کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں تمام قواعد و ضوابط کو بالائے طاق رکھتے ہوئے پولیس کانسٹیبل کی بھرتی کے لئے آنیوالے مرد و خواتین امیدواروں کا میڈیکل ٹیسٹ ایک ہی کمرے میں کیا گیا، بات صرف مرد و خواتین کا ایک ہی کمرے میں میڈیکل ٹیسٹ لینے تک محدود نہیں رہی بلکہ خواتین کی طبی جانچ پڑتال کیلئے بھی کوئی خاتون ڈاکٹر بھی وہاں موجود نہیں تھی۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹ اور جاری ویڈیو کے مطابق میڈیکل ٹیسٹ کے دوران مردوں کو 18 خواتین امیدواروں کی موجودگی میں کپڑے اتارنے کو کہا گیا اور مرد امیدوار ایک لائن میں صرف انڈر ویئر پہنے کھڑے رہے۔ اس کے علاوہ کسی خاتون ڈاکٹر کی غیر موجودگی کی وجہ سے خواتین امیدواروں کا میڈیکل ٹیسٹ مرد ڈاکٹروں نے ہی کیا۔