سی ڈی ڈبلیو پی کا اجلاس، 713 ارب لاگت کے 31 منصوبوں کی منظوری دیدی گئی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں 713 ارب روپے لاگت کے 31 منصوبوں کی منظوری دیدی گئی۔ 694 ارب روپے لاگت کے 8 منصوبے حتمی منظوری کے لئے سفارشات کے ساتھ ایکنک کو بھیج دیئے گئے۔ سی ڈی ڈبلیو پی کا اجلاس ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمشن کی صدارت میں منعقد ہوا۔ جن منصوبوں کی منظوری دی گئی ان کا تعلق توانائی‘ آبی وسائل‘ ٹرانسپورٹ‘ مواصلات‘ فزیکل پلاننگ‘ گورننس‘ تعلیم اور صحت سے ہے۔ پاکستان پٹرولیم ہاؤس کی تعمیر اور تیل و گیس کے شعبہ میں ریسرچ کا منصوبہ منظور کر لیا گیا۔ اس پر 42 کرڑو روپے لاگت آئے گی۔ نیلم جہلم ہائیڈرو الیکٹرک 500.3 ارب روپے کی لاگت کا منصوبہ منظوری کے لئے ایکنک کو بھیج دیا گیا۔ 220 کے وی جوہر آباد سب سٹیشن کے قیام کا منصوبہ ایکنک کو ارسال کر دیا گیا۔ اس پر 3 ارب 14 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ جس پر 75 ارب 85 کروڑ روپے لاگت کا تخمینہ ہے منظوری کے لئے ایکنک کو ارسال کر دیا گیا۔ سندھ میں شمسی توانائی کے منصوبے کو بھی منظوری کے لئے ایکنک کو بھیج دیا گیا اس پر 5 ارب روپے لاگت آئے گی۔ لاہور‘ سیالکوٹ موٹر وے کو نارنگ منڈی‘ نارووال اور نارووال بائی پاس کو منسلک کرنے کے لئے 4 رویہ لنک روڈ کی تعمیر کا منصوبہ ایکنک کو بھیج دیا گیا۔ اس منصوبے پر لاگت 19 ارب 99 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ فیصل آباد خانیوال موٹر وے منصوبہ جس پر 60 ارب 82 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ ایکنک کو ارسال کر دیا گیا۔ مانسہرہ کی ترقیاتی سکیموں کا منصوبہ منظور کر لیا گیا۔ منصوبے پر ایک ارب روپے سے زائد لاگت آئے گی۔ ملیر بند دادا بھوئے ٹاؤن سے پی این ایس مہران تک سڑکوں کی تعمیر کے منصوبے کو منظور کر لیا گیا۔ جی 13 ون اسلام آباد میں ماڈل کالج برائے خواتین کے قیام کا منصوبہ منظور کر لیا گیا۔ جی 15 اسلام آباد میں ماڈل کالج فار بوائز کا منصوبہ بھی منظور کر لیا گیا۔ قومی نصابی کونسل سیکرٹریٹ کی تعمیر کے لئے 20 کروڑ روپے کی لاگت کا منصوبہ بھی منظور کر لیا گیا۔ کے پی کے میں سکولوں کی چاردیواری کی تعمیر کا منصوبہ منظور کر لیا گیا۔ اس پر 20 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ بلوچستان ایجوکیشن سپورٹ سکیم کو حتمی منظوری کے لئے ایکنک کو بھیج دیا گیا۔ اس پر 11 ارب 80 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ فیصل آباد میں علاقائی بلڈ سینٹر بنانے‘ لاہور میں میو ہسپتال اور جنرل ہسپتال میں بلڈ سینٹر میں توسیع کا منصوبہ بھی منظور کر لیا گیا۔ افغانستان میں افغان پیکج کے تحت تین ہسپتالوں کے لئے آلات کی خریداری کے لئے 2 ارب روپے لاگت کا منصوبہ بھی منظور کر لیا گیا۔ فتح جھنگ میں کسانہ ڈیم بنانے کیلئے 2 ارب 62 کروڑ روپے لاگت کا منصوبہ بھی منظور کر لیا گیا۔ سکھر بیراج کو جدید بنانے کے لئے 17 ارب روپے کی لاگت کا منصوبہ ایکنک کو بھیج دیا گیا۔ پمرا کے تحت 250 ٹی وی چینلز کی مانیٹرنگ نظام کو اپ گریڈ کرنے کے منصوبے کو بھی منظور کر لیا گیا۔ پی ٹی وی کی ترقی کے منصوبے کی بھی منظوری دیدی گئی۔