گوالمنڈی، کوارٹرز سے 35سالہ شخص کی تعفن زدہ نعش برآمد
لاہور (نامہ نگار)گوالمنڈی کے علاقہ میں کوارٹر سے 35سالہ شخص کی تعفن زدہ نعش ملی ہے ۔بتایا جاتاہے کہ پنڈی کا رہائشی 35سالہ فرقان عباس لاہور کے علاقہ گوالمنڈی میںدل محمد روڈ پرایک کوارٹر میں کرایہ پررہائش پذیر تھا ۔گزشتہ روز مکینوں نے تعفن پھیلنے پر پولیس کو اطلا ع کی۔ جس پرپولیس نے موقع پر پہنچ کردرواز ہ توڑ کر اندرکمرے میں جا کردیکھا تو وہاں فرقان عباس کی کئی روز پرانی تعفن زدہ نعش پڑی تھی ۔پولیس نے نعش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے جمع کرا دی ہے ۔پولیس کے مطابق متوفی نشے کا عادی تھا اور اس کی موت نشے کی ذیادتی کے باعث ہوئی ہے ۔اس کی ہلاکت کی اطلاع ورثاء کو دی گئی تو انہوں نے بتایا کہ ہم نے اسے نشے کی لت میں مبتلا ہونے پر گھر اور جائیداد سے بے دخل کردیا تھا۔