فیس بک صارفین اپنا ڈیٹا محفوظ بنانے کیلئے کلیئر ہسٹری ٹول استعمال کرسکیں گے
واشنگٹن(اے این این)فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے صارفین کو اپنا ڈیٹا محفوظ بنانے کیلئے کلیئر ہسٹری کا ٹول متعارف کرادیا۔ جس کی مدد سے صارفین فیس بک سے اپنا پرانا ڈیٹا باآسانی حذف کرسکیں گے۔ جبکہ دیگر نئے فیچرز متعارف کرانے کے حوالے سے بھی غور کیا جائے گا۔اس موقع پرکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مارک زکربرگ نے کہا کہ جب ڈیٹا لیک سکینڈل کے حوالے سے وہ امریکی کانگریس کے سامنے پیش ہوئے تو بہت سے ایسے سوالات ان کے سامنے آئے جن کے جواب ان کے پاس موجود نہیں تھے۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد فیصلہ کیا تھا کہ صارفین کو ان کے ڈیٹا کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے مزید ٹولز متعارف کرائوں گا۔کلیئر ہسٹری ٹول صارفین کو اس بات کی اجازت دے گا کہ وہ اس ڈیٹا کو حذف کر سکیں جو فیس بک کے سرورز پر محفوظ ہوتا ہے۔مارک زکربرگ کے مطابق اس ٹول کے ذریعے صارفین کو وہ معلومات نظر آنا شروع ہو جائیں گی کہ ماضی میں انہوں نے فیس بک کے ذریعے کن کن ایپس اور ویب سائٹس کو استعمال کیا ہے اور پھر وہ اس ساری ہسٹری کو ڈیلیٹ بھی کر سکیں گے۔زکربرگ نے جلد ہی فیس بک میں ایک اور فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا جس کا نام ڈیٹنگ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ فیس بک پر تقریبا 20 کروڑ لوگ ایسے ہیں جن کی ازدواجی حیثیت غیرشادی شدہ ہے، لہذا واضح طور پر انہیں کسی نہ کسی کی تلاش ہے اور ڈیٹنگ فیچر ان کی مدد کرے گا۔