مولانا مشرف علی تھانوی کے انتقال پر ملک بھر اور بیرون ملک سے تعزیتی پیغامات
لاہور (پ ر ) حکیم الامت مولانا اشرف علی تھانوی کے نواسے اور شیخ الحدیث جامعہ دا ر العلوم الاسلامیہ مولانا مشرف علی تھانوی کے مدینہ منورہ میں انتقال پر ملک بھر اور بیرون ملک سے ہزاروں افراد کے تعزیتی اور تہنیتی پیغامات موصول ہوئے، مولانا کے چھوٹے بھائی ڈاکٹر قاری احمد میاں تھانوی نے کہا مولانا مشرف تھانوی کا خلا پورا نہیں کیا جاسکتا، ان کا مدینہ منورہ میں انتقال اور جنت البقیع میں تدفین ہمارے لئے قابل رشک اور خوشی کا مقام ہے، 4 مئی کو جامعہ اشرفیہ کے مہتمم مولانا فضل الرحیم جامعہ دارالعلوم السلامیہ میں مولانا مرحوم کے تمام متعلقین کیلئے ڈیڑھ بجے نماز جمعہ کے بعد خطاب کرینگے۔ مولانا کے چھوٹے بھائی صدارتی ایوارڈ یافتہ ڈاکٹر قاری احمد میاں تھانوی سے حکومت کے نمائندوں نے بھی اظہار تعزیت کیا۔ دینی، سیاسی و سماجی حلقوں نے اظہار افسوس کیا، مولانا کے تینوں بھائیوں ڈاکٹر قاری احمد میاں تھانوی، ڈاکٹر خلیل احمد تھانوی اور مولانا محمد میاں تھانوی اور دونوں بیٹوں ڈاکٹر اشرف علی تھانوی فاروقی اور مولانا محمد علی فاروقی نے تمام آنیوالوں اور رابطہ کرکے تغزیت کرنیوالوں کی جانب سے تسلی آمیز کلمات کا شکریہ ادا کیا۔