کراچی‘ تشدد اور فائرنگ کے واقعات میں2 افراد ہلاک
کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی کے مختلف علاقوں میں تشدد اور فائرنگ کے واقعات میں دو افراد ہلاک اور دو افراد زخمی ہوگئے۔ تشدد اور گلا کاٹ کر ہلاک کیئے جانے والے شخص کی لاش گلشن معمار کے علاقے احسن آباد میں کچرا کنڈی سے ملی۔ پولیس کے مطابق مقتول کی عمر تقریباً30 سال تھی تاہم فوری طور پر اس کی شناخت نہیں ہوسکی ہے ۔ادھر سرجانی کے علاقے میں حب ریور روڈ پر کچی ندی کے قریب نامعلوم افراد ایک نوجوان18 سالہ شیر زمان عرف شیرو ولد نصیر کوفائرنگ کرکے ہلاک کر دیا اور فرار ہوگئے۔ مقتول شیر زمان عرف شیرو پی آئی بی کالونی میں رہتا تھا اور موٹرمکینک تھا۔ اس کے علاوہ نارتھ ناظم آباد میں دلپسند سوئٹس کے نزدیک پرائیویٹ سیکیورٹی گارڈ26 سالہ فیاض اپنی ہی گن سے اتفاقیہ گولی چلنے سے زخمی ہوگیا جبکہ نارتھ ناظم آباد میں ہی کے ڈی اے چورنگی پر مسلح ملزمان کے رقم چھیننے کے دوران مزاحمت پر ایک نوجوان25 سالہ واحد کو فائرنگ کرکے زخمی کر دیا۔
فائرنگ/ تشدد