نااہلی نظرثانی کیس،سپریم کورٹ نے (ن) لیگ کی سابق ایم پی اے راشدہ یعقوب کو الیکشن لڑنے کی اجازت دےدی
اسلام آباد (سی پی پی ) سپریم کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کی سابق ایم پی اے راشدہ یعقوب کو الیکشن لڑنے کی اجازت دےدی ۔تفصیلات کے مطابق جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں بنچ نے لیگی سابق ایم پی اے راشدہ یعقوب کی نااہلی کیخلاف درخواست کی سماعت کی،وکیل درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ عدالت نے راشدہ یعقوب کے خاوند شیخ یعقوب کو بینک ڈیفالٹر ہونے پر نااہل کیا،خاوند کی نااہلی کااطلاق اہلیہ پرنہیں ہوسکتا،عدالت سے استدعاکی کہ راشدہ یعقوب کو الیکشن لڑنے کی اجازت دی جائے۔جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ہم کہہ دیتے ہیں کہ راشدہ یعقوب آئندہ الیکشن لڑسکتی ہیں۔عدالت نے (ن )لیگ کی سابق ایم پی اے راشدہ یعقوب کی درخواست جزوی طور پر منظور کر لی اور انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی،عدالت نے الیکشن کمیشن اور مخالف امیدوار احمد لدھیانوی کو نوٹس جاری کر دیئے۔
راشدہ یعقوب