انگلش کیوئسٹ مارک سیلبی کا ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ ٹائٹل کا کامیاب دفاع
شیفلڈ (اے پی پی) سٹار انگلش کیوئسٹ مارک سیلبی نے ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ میں ٹائٹل کا کامیاب دفاع کر لیا، سیلبی نے فیصلہ کن معرکے میں جان ہیگنز کو کانٹے دار مقابلے کے بعد 18-15 فریمز سے ہرا کر گزشتہ چار برسوں کے دوران تیسری بار عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا، اس کے علاوہ سیلبی نے 2007ءمیں منعقدہ ایونٹ کے فائنل میں ہیگنز کے ہاتھوں شکست کا بدلہ بھی چکا لیا۔ شیفلڈ میں منعقدہ میگا چیمپئن شپ کے فائنل میں سیلبی اور ہیگنز کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو آیا تاہم اعصاب کی جنگ میں قسمت نے سیلبی کا ساتھ دیا اور انہوں نے ہیگنز کو 18-15 فریمز سے ہرا کر عالمی ٹائٹل اپنے نام کیا، ہیگنز کو سیلبی کے خلاف 10-4 فریمز کی برتری حاصل تھی لیکن اس موقع پر سیلبی نے غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اگلے 10 میں سے 9 فریمز جیت کر ہیگنز کے خلاف 15 کے مقابلے میں 18 فریمز سے کامیابی حاصل کر کے ٹائٹل کا کامیاب دفاع کیا۔