مشرقی اور ہربل ادویات سے متعلق اداروں کی علیحدہ ایکریڈیشن و کونسل بنائی جائے
اسلام آباد(نامہ نگار)بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں منعقدہ ایک بین الاقوامی سیمینار میں شرکاءنے اس بات پر زور دیا کہ مشرقی اور ہربل ادویات سے متعلق اداروںکی علیحدہ ایکریڈیشن اور فعال کونسل تشکیل دی جائے جس کی توثیق ہائر ایجوکیشن کمیشن سے کرائی جائے جبکہ جامعات ، روایتی طب کے ماہرین، ہائر ایجوکیشن کمیشن اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے نمائندے مل بیٹھ کر مشرقی ادویات کی ڈگری اور اس ضمن میں تحقیق اور کاروبار کا روڈ میپ تشکیل دیں ۔ ان نکات پر گفتگو جامعہ کے فیصل مسجد کیمپس میں”مشرقی ادویات و صحت اور سماجی و معاشی ترقی “ کے عنوان پر منعقدہ سیمینار میں ہوئی جس میں چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد، ریکٹر اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی ، بی ای ایم ایس کے پیٹرن انچیف ڈاکٹر عثمان غنی ، ڈائریکٹر ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی ڈاکٹر عبدالصمد خان، نائب صدور جامعہ ،ڈین فیکلٹی آف بیسک اینڈ اپلائیڈ سائنسز، شعبہ انوائرمینٹل سائنسز کے سربراہان سمیت جامعہ کے اساتذہ اور طلبہ کی بری تعداد موجود تھی ۔ سیمینار سے خطاب میں چیئرمین ایچ ای سی نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح یہ ہونی چاہیے کہ تعلیم کے شعبہ پر زیادہ سے زیادہ خرچ کیا جائے اور ایچ ای سی 92 بلین کے بجٹ کے ذریعے ہر شعبہ میں تحقیق کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے ۔