کامیاب عازمین حج مناسک سیکھیں‘ پیدل چلنے کی عادت ڈال لیں
اسلام آباد (وقاﺅ نگار خصو صی) رفیقِ حجاج کمیٹی پاکستان کے نائب صدربابو عمران قریشی نے کامیاب درخواست دہندگان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ مناسکِ حج کی تیاری کریں اور حج کی مستند کتابوں کا مطالعہ کریں۔ زیادہ سے زیادہ پیدل چلیں اور وزارتِ مذہبی اُمور کے زیر اہتمام تربیتی پروگراموں میں بھرپور شرکت کریں تا کہ مکمل تیاری کے ساتھ مقدس سفر پر روانہ ہو سکیں۔اُنہوں نے ناکامدرخواست دہندگان کو بھی تسلی دیتے ہوئے کہا کہ وہ اسے اللہ کی رضا سمجھ کر قبول کر لیں اور کسی اندیشے کو خاطر میں نہ لائیں۔ کیونکہ کچھ درخواست دہندگان کا خیال ہوتا ہے کہ شاید اُن کی واجباتِ حج کی جمع شدہ رقم میں یا اُن کی نیت میںکچھ فرق ہے جس کی وجہ سے وہ ناکام ہوئے۔ حالانکہ ایسا بالکل نہیں کیونکہ جس کو بلاوا ہوتا ہے وہی کامیاب ہوتا ہے لہٰذا وہ اگلے سال کے لئے تیاری کریں اللہ اُن کو ضرور بلائے گا۔ بابو عمران قریشی نے وزارتِ مذہبی اُمور سے کہا کہ کامیاب درخواست دہندگان کے گھروں میں تو خوشیاں منائی جا رہی ہیں جبکہ ناکام درخواست دہندگان دکھ اور پریشانی کا شکار ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ وفاقی وزیر مذہبی اُمور کے ایک بیان کے مطابق سعودی حکومت سے 15ہزارمزید کوٹے کے حصول کے لئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اگرملنے والا ممکنہ کوٹہ گورنمنٹ سکیم کے ناکام درخواست دہندگان میں تقسیم کر دیا جائے تو اس سے ان کی کچھ تسلی ہو جائے گی۔ اُنہوں نے وزارتِ مذہبی اُمور کو تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ ناکام درخواست دہندگان اگر بنکوں سے اپنے واجبات ِ حج نہ نکلوائیںتواُنہیں اگلے سال حج2018ءکے لئے کامیاب قرار دے دیا جائے ۔بابو عمران قریشی نے وزارتِ مذہبی اُمور کے اس اقدام کو سراہا جس کے تحت 90 سال سے زائد عمر کے مرد وخاتون درخواست دہندہ کو بغیر قرعہ اندازی کے کامیاب قرار دے دیا گیا ہے۔اسی طرح اگر تین سال سے لگاتار ناکام درخواست دہندگان کو بھی کامیاب قرار دے دیا جائے تویہ ایک احسن اقدام ہو گا۔