کریم‘ اوبر کو کمرشل رجسٹرڈ کرکے ٹیکس نیٹ میں لایا جائے
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) صدر پاک رکشہ ڈیلر ایسوسی ایشن کا جاوید بٹ کی زیر صدارت مرکزی پبلک سیکرٹریٹ شاہ اﷲ دتہ روڈ پر ایک اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں منان خان‘ شیخ یاسین‘ جمعہ خان‘ ظفر اقبال بٹ‘ عبدالمجید المعروف ڈاکٹر تازہ گل‘ عبدالوحید و دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پرجاوید بٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان‘ سینیٹر چودھری تنویر خان اور کمشنر راولپنڈی سے بھرپور اپیل کرتے ہیں کہ کریم اور اوبر گاڑیوں کو کمرشل اور انکی رجسٹریشن کرکے انہیں بھی ٹیکس نیٹ میں شامل کیا جائے کیونکہ کریم اور اوبر کی وجہ سے عام ٹیکسی ڈرائیور اور رکشہ ڈرائیور کاروباری لحاظ سے بہت مندی کا شکار ہوچکے ہیں جبکہ رکشہ ڈرائیور اور ٹیکسی ڈرائیور رجسٹرڈ ہیں اور حکومت کو باقاعدگی سے ٹیکس ادا کرتے ہیں۔جاوید بٹ نے مزید کہا کہ کینٹ کے ایریاز میں رکشوں کے پرمٹوں پر کینسل کی اسٹمپ لگائی جارہی ہیں جبکہ رکشہ ڈرائیورز روٹ پرمٹ کی مد میں حکومت کو ٹیکس ادا کرتے ہیں۔ غریب رکشہ ڈرائیوروں کے 500 سے لیکر 2000 تک کے بھاری چالان کرکے ان کے منہ سے نوالہ چھین کر ان کے خاندانوں کو فاقہ کشی پر مجبور کیا جارہا ہے۔ رکشہ ایک سستی اور آسانی سے دستیاب سواری ہے ہم حکومت کی توجہ اس جانب دلاتے ہیں کہ رکشہ ڈرائیوروں کے ساتھ ہونے والی اس زیادتی کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔ بصورت دیگر تنگ آمد بجنگ کی مصداق رکشہ ڈرائیور اپنے حقوق کی حفاظت کے لئے پارلیمنٹ کے سامنے احتجاج کا حق رکھتے ہیں۔