جے آئی یوتھ گلی محلے کی سطح پر ظلم اور ناانصافی کے خلاف جدوجہد کرے گی، عارف شیرازی
راولپنڈی ( نوائے وقت رپورٹ )امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ آنے والی نسلوں کو کرپشن فری پاکستان دینا چاہتے ہیں ۔جے آئی یوتھ انٹرا پارٹی الیکشن کے ذریعے سے نوجوانوں پر اعتماد اور مستقبل کی قیادت تیار کرنا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے گزشتہ روزجے آئی یوتھ کے انٹرا پارٹی الیکشن کے سلسلے میں کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے موقع پر کارکنانسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جماعت اسلامی کے دفتر سید مودودیؒ بلڈنگ میں ضلعی جنرل سیکرٹری ضیا اللہ چوہان نے ریٹرنگ آفیسر کے فرائض ادا کرتے ہوئے جے آئی یوتھ کے امیدواروں کے کاغذات وصول کئے ۔ اس موقع پرالیکشن کمیٹی کے ارکان رضوان احمد اور راشد عباسی بھی موجود تھے۔ کاغذات جمع کروانے کے موقع پر خاصا جوش و خروش اور گہما گہمی نظر آئی۔ اُمیدواراپنے حامیوں کے جلوس کے ساتھ آتے رہے۔ سپورٹرز اپنے اپنے امیدواروں کے حق میں نعرہ بازی کر رہے تھے۔ جے آئی یوتھ کے ضلعی صدر بختیار الحق کیانی ¾ فرحان قریشی اور عمران ملک سمیت دیگر عہدیداران امیدواران اور کارکنان کا استقبال کرتے رہے ۔ سید عارف شیرازی نے جے آئی یوتھ کو انٹرا پارٹی الیکشن کروانے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے نوجوانوں میں بڑا ٹیلنٹ موجود ہے ۔ملک کی ساٹھ فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے ۔ نوجوان محب وطن اور محب اسلام ہیں ۔ جماعت اسلامی نوجوانوں کو بڑی اہمیت دیتی ہے اور ان کو اہم ذمہ داریوں بھی دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق وطن عزیز میں امانت ¾ دیانت ¾شرافت اور انصاف کے سمبل کے طور پر جانے اور پہچانے جاتے ہیں ۔ جے آئی یوتھ گلی محلے کی سطح پر ظلم اور ناانصافی کے خلاف جدوجہد کرے گی ۔ جماعت اسلامی جے آئی یوتھ کی پشت پر ہے ۔ سید عارف شیرازی نے اعلان کیا کہ یوسی کی سطح پر ایک ہزار سے زائد ممبر سازی کرنے والی جے آئی یوتھ کی تنظیم کو موٹر سائیکل انعام میں دیئے جائیں گے ۔