کراچی حیدرآباد موٹر وے کی ناقص تعمیر کا چیف جسٹس از خود نوٹس لیں
کراچی (نیوز رپورٹر) پاسبان پاکستان کے سینئر نائب صدر رفیق خاصخیلی اور صوبائی رہنما سلیم چیمہ نے کہا ہے کہ کراچی حیدرآباد موٹر وے کی ناقص اور عجلت میں تعمیر قومی وسائل کا بری طرح ضیاع ہے۔ چیف جسٹس آف پاکستان اس معاملے کا از خود نوٹس لیں اور ملک کی سب سے معروف ترین شاہراہ پر عوام کو درپیش تکالیف کا ازالہ کریں، ناقص اور غیر معیاری تعمیر کے نتیجے میں موٹر وے جگہ جگہ سے دھنسنے کے واقعہ کی تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کی جائے ۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں رفیق احمد خاصخیلی اورسلیم چیمہ نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے عجلت میں اپنی انتخابی مہم چلاتے ہوئے زیر تعمیر کراچی حیدرآباد موٹر وے کا افتتاح کردیا۔ لونی کوٹ ٹول پلازہ کے پاس سڑک جگہ جگہ سے دھنس گئی ہے ۔ کراچی تا حیدرآباد ٹریفک سب سے زیادہ ہوتا ہے لیکن حکومت نے پرانی سپر ہائی وے کو دوبارہ تعمیر کرکے موٹر وے کا درجہ دے کر کراچی اور حیدرآباد کے شہریوں اور اس شاہراہ سے گزرنے والے ملک بھر کے مسافروں سے پہلے ہی بڑی ناانصافی کی ہے ۔ اب سڑک کے غیر معیاری ہونے کی شکایات سامنے آگئی ہیں۔ کیا وزیر اعظم کو موٹر وے کے اعلیٰ معیار کے بجائے صرف عجلت میں افتتاح سے دلچسپی تھی ؟۔ موٹر وے کا دھنس جانا قومی وسائل پر بری طر ح بوجھ ہے ۔ رفیق خاصخیلی اور سلیم چیمہ نے کہا کہ معیار جانچ کرنے والی غیر جانبدار ادارے سے تحقیقات کرائی جائیں ۔ ناقص تعمیر کے ذمہ داروں سے جواب طلبی کی جائے اور کراچی حیدرآباد موٹر وے کو عالمی معیار کے مطابق شفاف طریقے سے مضبوط بنیادوں پر تعمیر کے احکامات جاری کئے جائیں۔