صوفیاءکے ماننے والوں نے پاکستان بنایا‘ ملکی بقاءو سلامتی میں بھی کردارادا کرنا ہوگا
کراچی(نیوز رپورٹر)جما عت اہلسنّت پاکستان کراچی کے امیر علامہ سید شاہ عبد الحق قادری نے کہا کہ صوفیائے کرام کے ماننے والوں نے پاکستان بنایا اب انھیںملک کو بچانے میں بھی اپناکردار ادا کرنا ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ اہلسنّت کی بقا وسلامتی باہمی اتحاد و اتفاق میں پنہاں ہے ،سیاسی ومعاشرتی مسائل کے حل کےلئے قائدین و کارکنان اہلسنّت کو ذاتی اختلافات و مفادات سے بالا تر ہوکر مخلصانہ بنیاد پر کام کرنا ہو گا ۔انہوں نے حسنین مسجد محمود آباد میں جما عت اہلسنّت کے کارکنان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہما را جینا مرنا پاکستان کےلئے جما عت اہلسنّت کے کارکنان ملک دشمن قوتوں کی سازشوں کو ناکام بنانے میں قومی اداروں کے ساتھ ہیں۔ علامہ شاہ عبد الحق نے مزید کہا کہ لائنز ایریا کوریڈور تھری پریڈی اسٹریٹ کے متاثرین کو اُس وقت کی حکومت نے محمود آباد نمبر دو میں بسایا آج یہاں کے رہائشی افراد کو بلا جواز تنگ کیا جا رہا ہے ،بے دخل کرنے کی دھمکیاں انسان دشمنی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت غریب پروری کی بات کرتی ہے اور ان کا نعرہ روٹی کپڑا مکان ہے تو محمود آباد ٹی پی ٹو میں بسے افراد کولیز فراہم کی جائے اگر انہیں گھروں سے محروم کیا گیا تو جماعت اہلسنّت متاثرین کے ساتھ مل کر بھر پور احتجاج کرے گی ۔