جماعت اسلامی کا دھرنا ختم تحفظات دور کریں گے : گورنر سندھ
کراچی (نیوز رپورٹر ) جماعت اسلامی نے گورنر سندھ سے ملاقات اور یقینی دہانی کے بعد کے الیکٹرک کے خلاف گورنر ہاﺅ س کے باہر چار روز سے جاری دھرنا ختم کردیا گیا ہے‘ تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ محمد زبیرنے کہا ہے کہ ، بجلی کی مسلسل فراہمی،لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ کے ضمن میں جماعت اسلامی کے جائز تحفظات کو دور کرنے کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لئے تیار ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاﺅس میں جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں وفد سے ملاقات میں کیا ۔ وفد میں محمد شاہد،راجہ عارف سلطان،اسحاق خان اورچوہدری مظہر شامل تھے۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی اور کے الیکٹرک کے مابین مذاکرات میں مدد دینے کے لئے تیار ہیں،عوام کی جائز شکایات کے ازالہ کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کو یقینی بنائیں گے اوران شکایات کے ازالے کے لئے گورنرہاﺅس مانیٹرنگ بھی کرے گا، اس ضمن میں 15دن بعد جماعت اسلامی کے ساتھ دوبارہ ملاقات میں جائز شکایات کے ازالہ پر پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا ۔ بعد ازاں حافظ نعیم نے احتجاجی دھرنے کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ کے الیکٹرک کے خلاف عوام کو ان کا حق دلانے تک احتجاجی تحریک جاری رہے گی ،کے الیکٹرک سے کیے گئے کسی ایک مطالبے سے بھی ہم دستبردار نہیں ہوئے ہیںاور نہ ہوں گے ،15دن کے اندر یہ مسئلہ حل نہ ہوا تو ہمارے پاس بہت سے آپشن موجود ہیں شاہراہ فیصل سمیت پورے شہر کو بھی جام کرسکتے ہیں۔ گورنر سندھ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ 15دن کے اندر کے الیکٹرک کے حوالے سے جائز مطالبات پر شہریوں کو ریلیف دیا جائے گا۔حافظ نعیم الرحمن نے مثبت یقین دہانی پر گورنر کا شکریہ ادا کیا ۔ اس دورا ن ہماری احتجاجی تحریک پوری شدت کے ساتھ جاری رہے گی ،ہمارا چارٹر آف ڈیمانڈ پوری ورکنگ کے ساتھ تیار کیا گیا ہے اور ہم چیلنج کرتے ہیں کہ کے الیکٹرک والے الٹے بھی لٹک جائیں تو اس کو غلط ثابت نہیں کرسکتے ،ہم کراچی کے عوام کو کے الیکٹرک کے ظلم سے نجات دلائیں گے ،کے الیکٹرک کوکراچی کے عوام کے ساتھ اپنا رویہ تبدیل کرنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ وفاق کی ذمہ داری ہے کہ وہ کراچی کے شہریوں کو ریلیف دلائے ۔ وفاق آخر کے الیکٹرک کے خلاف کاروائی کیوں نہیں کرتا ۔
گورنر سندھ/ حافظ نعیم