50 برس ملک کی خدمت کی ، الزامات بے بنیاد ہیں : طارق فاطمی

اسلام آباد (اے این این + نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم کے سابق معاون خصوصی طارق فاطمی نے نیوز لیکس سکینڈل میں خود پر لگائے ہوئے الزامات کو مسترد کر دیا ہے اور کہا ہے کہ مجھ پر جو الزامات عائد کئے گئے ہیں انکی تحقیقات میں حکومت اور اداروں سے ہر قسم کا تعاون کرنے کو تیار ہوں۔ طارق فاطمی نے وزیراعظم نواز شریف کے نام ایک خط میں خود پر لگائے گئے الزامات کو مسترد کر دیا ہے اور مدت کے دوران تعاون پر نواز شریف کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔ انھوں نے الزامات پر افسوس کا اظہار کیا۔ طارق فاطمی نے دفتر خارجہ کے عملے کے نام بھی ایک الوداعی خط لکھا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ 'میں خود پر لگائے جانے والے تمام الزامات کو مسترد کرتا ہوں۔ یہ الزامات ایک ایسے شخص کیلئے تکلیف کا باعث ہیں جو پانچ دہائیوں سے پاکستان کی خدمت کررہا ہو'۔ہیڈکوارٹرز کے تمام افسروں کے نام خط میں طارق فاطمی نے مزید کہا ان برسوں میں مجھے قومی سلامتی کے معاملات سے جڑے کئی حساس معاملات کو دیکھنا پڑا جن میں کچھ بہت اہم معلومات سے آگاہی بھی شامل تھی۔کسی غلط فہمی یا شک و شبہ پر جوابدہی کیلئے تیار ہوں۔ ملک کو لاحق مختلف چیلنجز کے باوجود قومی مفاد کی بہتری اور تحفظ کے لیے حاصل کی گئی کامیابیوں کو بعض اوقات گھر پر اچھی طرح سمجھ کر سراہا نہیں جاتا تاہم بین الاقوامی سطح پر حاصل ہونے والی تعظیم، اپنے کام سے محبت اور ذاتی سالمیت کی گواہی ہوتی ہے۔پاکستان فارن مشن کے ساتھیوں کو مخاطب ہوتے ہوئے طارق فاطمی نے کہا کہ مجھے ممتاز سفارت کاروں کے ماتحت کام کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہوا، جنہوں نے میری صلاحیتوں پر بھروسہ کیا۔ان ساتھیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کیساتھ عزم اور سفارت کاری سے میرا رشتہ ہمیشہ قائم رہے گا۔ علاوہ ازیں طارق فاطمی کے اعزاز میں دفتر خارجہ میں الوداعی تقریب میں سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور دفتر خارجہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ طارق فاطمی نے خطاب میں کہا کہ بطور سفارتکار اعلیٰ ذمہ داریاں سرانجام دیں۔ ذمہ داریوں کی انجام دہی میں انتہائی حساس معاملات سے بھی باخبر رہا۔ مجھ پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد اور غلط ہیں۔ خود پر لگے الزامات کو مسترد کرتا ہوں۔ انکوائری کمشن سے بھرپور تعاون کروں گا۔
طارق فاطمی