نیوکلیئر سپلائرز گروپ میں بھارت کیساتھ پاکستان کو بھی رکنیت دی جائے : ترکی
نئی دہلی (این این آئی + صباح نیوز) ترکی نے کہا ہے نیوکلیئر سپلائر گروپ (این ایس جی) میں بھارت کو رکنیت دینی ہے تو پاکستان کو بھی دی جائے، بھارتی میڈیا کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردگان نے مسئلہ کشمیر پر اپنے ملک کے کردار کی خواہش کا اظہار کیا۔ ترک صدر کے دورے کو این ایس جی میں بھارت کی شمولیت کیلئے ترکی کی حمایت کے حوالے سے دیکھا جارہا ہے تاہم انہوں نے بھارت کیلئے رکنیت کی حمایت بھی پاکستان کے ساتھ مشروط کردی ہے۔ ترکی کی جانب سے بھارت کو این ایس جی کا رکن بنانے کی حمایت کی وجہ نئی دہلی کی جانب سے چند گھنٹے قبل جزیرہ قبرص کی ترکی سے وحدت کی مکمل حمایت کے اعلان کا نتیجہ ہے۔ صباح نیوز کے مطابق ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے بھارت اور ترکی کے تجارتی اجلاس کے موقع پر کہا ہے کہ دونوں ممالک تجارتی لین دین سے ڈالر کو ہٹانے کے امکان پر گفتگو کر رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اردگان نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ بھارت اور ترکی کے درمیان درآمدات و برآمدات، مقامی کرنسی میں ہونے کا امکان ہے کہا کہ یہ موضوع غیرملکی کرنسی کی قیمتوں پر منفی اثرات مرتب کرے گا اور اس کو بدلنے کے خرچے میں بھی اس سے کمی آئے گی۔ اردگان نے تجارتی اجلاس کے موقع پر کہا کہ ترکی کی مقامی کرنسی لیرے یا بھارتی روپے میں تجارتی لین دین سے دونوں ملکوں کے اقتصادی تعلقات پر مثبت اثرات پڑیں گے۔ ترکی کے صدر نے یہ بھی کہا کہ ایٹمی انرجی کے میدان میں تعاون، دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے شعبوں میں ایک شعبہ ہے۔
ترکی/ اردگان