مجلس قائمہ کا اراکین کو دھمکی آمیز کالوں پر اظہار تشویش
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے داخلہ وانسداد منشیات نے ایف آئی اے کی جانب سے بے نظیر انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر خاتون مسافر پر ہو نے والے تشدد کےمعاملہ پر وفاقی سیکرٹری داخلہ،چئیرمین نادرااور ڈی جی نادرا کو 3مئی کے کمےٹی کے اجلاس میں طلب کر لیا۔ مجلس قائمہ نے اس معاملہ پر بریفنگ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزارت داخلہ کو ہدایت کی ہے کہ 3مئی کے اجلاس میں کم سے کم ڈی آئی جی رینک کے آفیسر کو بھیجیں جو بے نظیر انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر خاتون مسافر پر تشدد اور ملک بھر میں انسانی اعضاءکے غیر قانونی کاروبار پر بریفنگ دے۔کمیٹی کا اجلاس منگل کوچئیرمین رانا شمیم احمد خان کی صدارت میں ہوا۔کمیٹی نے متفقہ طور پر نعیمہ کشور خان کی سربراہی میں بننے والی ذیلی کمیٹی کی رپورٹ کی اتفاق رائے سے منظوری دے دی،کمیٹی نے اراکین کی سیکیورٹی اور ان کو دھمکی آمیز کالوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزارت سے کہا کہ وہ اس ضمن میںفوری طور سنجیدہ اقدامات اٹھائیں۔