’’امن کیلئے دہشت گردی کا خاتمہ ضروری ہے‘‘ ڈی جی آئی ایس آئی، افغان صدر سے ملاقات
راولپنڈی (آئی این پی) آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے دورہ افغانستان کے دوران افغان قومی سلامتی کے مشیر اور افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی جس میں دہشتگردی، پاک افغان سرحد کی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ منگل کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے افغانستان کا دورہ کیا۔ اپنے دورہ کے دوران انہوں نے افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی۔ جس میں دہشتگردی، پاک افغان سرحد کی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ اس دوران دہشتگردی کو مشترکہ دشمن قرار دیتے ہوئے اس کے خاتمے کے لئے مل کرکام کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا اور کہا گیا کہ خطے میں مکمل قیام امن کے لئے دہشتگردی کے ناسور کا خاتمہ ضروری ہے۔ دریں اثناء پاکستان اور افغانستان کے خفیہ اداروں کے سربراہان نے کابل میں باہمی سلامتی اور انسدادِ دہشت گردی کے امور میں تعاون پر باضابطہ سرکاری مذاکرات کیے۔ امریکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے خفیہ اداروں کے سربراہان نے منگل کے روز کابل میں باہمی سلامتی اور انسدادِ دہشت گردی کے امور میں تعاون پر باضابطہ سرکاری مذاکرات کیے۔ نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق سلامتی سے وابستہ پاکستانی اور افغان ذرائع نے اِس بات کی تصدیق کی کہ پاکستان انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار منگل کو افغان دارالحکومت پہنچے۔ دورے کا مقصد دونوں ملکوں کے سکیورٹی حلقوں کے درمیان تنائو میں کمی لانے کی کوشش کرنا ہے۔ جنرل مختار اور ان کے افغان ہم منصب معصوم استانکزئی، جو نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سکیورٹی کے سربراہ ہیں، کے مابین ہونے والی ملاقات کے بارے میں خطے میں کی سلامتی اورپاک افغان سرحد سمیت دیگراہم امور پر بات چیت کی گئی۔