تمام سیاستدان اچھے دوست ہیں‘ سب ملکر کام کیوں نہیں کرتے: آفریدی
لاہور (سپورٹس رپورٹر) کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بوم بوم آفریدی نے کہا ہے تمام سیاستدان میرے اچھے دوست ہیں پتہ نہیں سب ملکر اکٹھے کام کیوں نہیں کرتے۔ کرکٹر نہ ہوتا تو شاید آرمی آفیسر ہوتا، مجھے اپنے ملک کی آرمی پر فخر ہے جس کی وجہ سے آج تک یہ ملک سنبھلا ہوا ہے۔ فیئر ویل اپنے لئے نہیں مانگ رہا تھا ایک مثال قائم کر کے جانا چاہتا تھا کیونکہ بڑے بڑے ناموں کو فیئر ویل نہیں مل سکا۔ ہر ملک کی اپنی خوبصورتی ہے، پاکستان کی مٹی میں جو پیار ہے وہ کہیں اور نہیں۔ عمران خان کو دیکھ کر کرکٹ کا شوق ہوا۔ وٹہ گیند کرانے کی وجہ سے فاسٹ باﺅلر نہیں بن سکا۔ موہالی میں کشمیریوں کی جانب سے ملنے والی سپورٹ اور محبت کو کبھی نہیں بھلا سکتا، شکریہ کشمیری بھائیو۔ شاہد آفریدی نے ان خیالات کا اظہار سوشل میڈیا فیس بک پر اپنے مداحوں کی جانب سے پوچھے جانے والے سوالات کے جواب میں کیا۔ بھارت سے شاہد آفریدی کی ایک فین نے پاکستان بھارت کرکٹ سیریز کا پوچھا تو شاہد آفریدی نے کہا پہلے اپنی حکومت کو اس بات پر راضی کر لو سیریز ہو گئی تو تمام راستے کھل جائیں گے۔ 2009ءکا ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میرے کیرئر کا یادگار ٹورنامنٹ ہے اس ٹورنامنٹ کا آغاز اچھا نہیں تھا تاہم اختتام بہت اچھا ہوا۔ اپنے کیرئر کی کانپور اننگز کو سب سے اچھی اننگز سمجھتا ہوں۔ تھر میں 100 بیڈ کاہسپتال بنانے کا ارادہ ہے جس کے لیے رمضان میں فنڈ ریزنگ کرونگا۔ والد کے انتقال کے بعد اس بات کا ارادہ کر لیا تھا کہ ہم بھائی ایسا کچھ کرینگے جس سے لوگوں میں اچھا پیغام جائے کہ ہمارے والد نے ہماری اچھی تربیت کی ہے۔ اشآہد آفریدی کا کہنا تھا کہ تمام سیاستدان میرے اچھے دوست ہیں سب کا ایک ہی مقصد عوام کی خدمت کرنا ہے تو ملکر کام کیوں نہیں کرتے۔ شلوار قمیص میں آسانی سمجھتا ہوں اسے جمعہ تک محدود نہیں رکھنا چاہتا بلکہ رمضان میں باقاعدہ اس میں نظر آﺅں گا۔ میرے لیے سب سے اہم میری فیملی ہے۔ چاروں بیٹیوں کی وجہ سے میری قسمت بدلی ہے تاہم چھوٹی کو تھوڑا زیادہ پیار کرتا ہوں۔ اﷲ تعالٰی نے مجھے میری سوچ سے بڑھ کر عطا کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہر کسی کو زندگی میں پیار نہیں ملتا کبھی بہت زیادہ سنا کرتا تھا۔ اچھی بات ہے اب مصباح الحق اور یونس خان کو پی سی بی فیئر ویل دے رہا ہے۔ پنجابی بولنی نہیں آتی تاہم سمجھ لیتا ہوں۔ انہوں نے کہا عمران خان کو فاسٹ باولنگ کرتے دیکھ کر فاسٹ باولر بننے کی کوشش کی تاہم لوگوں نے کہا وٹہ مارتے ہو اس کے بعد عبدالقادر کو دیکھ کر سپن باﺅلنگ شروع کر دی۔ فلموں کا کوئی شوق نہیں جو فلاحی کام کر رہا ہوں وہی بہت ہیں۔ میری دس نمبر کی شرٹ کے پیچھے کوئی خاص بات نہیں۔ جب کرکٹ میں آیا تو اس وقت کوئی دوسرا کھلاڑی اس نمبر کو استعمال نہیں کرتا تھا، بھارت کے سچن ٹنڈولکر کی شرٹ کا نمبر دس ہے۔ میدان میں بوم بوم جبکہ میدان سے باہر لالہ کہلانا اچھا لگتا ہے۔ سیاست میں میرا کوئی کام نہیں منہ پھٹ ہونے کی وجہ سے جس بھی پارٹی میں جاﺅں گا نکال دے گی۔ غصے میں اپنے آپ کو بھی یاد نہیں رکھتا۔ پاکستان میں فاٹا ایریا میں بہت زیادہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ پی سی بی نے سکول کرکٹ پر توجہ شروع کی ہے جو اچھی بات ہے۔ مستقبل میں آل راونڈز کی ٹیم میں بہت ضرورت ہے۔ پاکستان ٹیم میں اس شعبہ کی کمی دیکھ رہا ہوں۔ عامر یامین اور عماد وسیم کو یہ خلا پر کرتا دیکھ رہا ہوں۔ عماد وسیم کو اپنی فٹنس پر توجہ دینا ہوگی۔ سرفراز احمد مصباح الحق کے بعد اچھی چوائس ہیں تاہم انہیں بھی اپنی فٹنس کا خاص خیال رکھنا ہوگا۔ تھر میں سو بیڈ کا ہسپتال بنانے کے علاوہ پانی کے منصوبوں پر بھی کام کرنا ہے۔ پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں بھی اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کرونگا ابھی وزن بڑھ گیا ہے کرکٹ سیزن شروع ہونے پر فارم اور فٹنس حاصل کر لوں گا۔ مجھے اپنے پاکستانی ہونے پر فخر ہے۔
شاہد آفریدی