مسئلہ کشمیر جیسے تنازعات کا حل چین کے اپنے مفاد میں ہے: چینی اخبار
بیجنگ (اے پی پی) ون بیلٹ ون روڈ منصوبے کے نتیجے میں خطے میں چین کے اثر و رسوخ میں اضافہ ہوا ہے اور مسئلہ کشمیر جیسے علاقائی تنازعات کا حل چین کے اپنے مفاد میں ہے۔ یہ بات چینی اخبار گلوبل ٹائمز نے اپنی ایک رپورٹ میں کہی۔ اخبار نے لکھا ہے چین نے حال ہی میں روہنگیا مہاجرین کے معاملہ پر میانمر اور بنگلا دیش کے درمیان ثالثی کی ہے۔ چین دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کے اصول پر کاربند ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ چین بیرون ملک اپنے مفادات پر توجہ نہ دے۔ چین نے پاکستان میں سی پیک منصوبے کے تحت تقریباً پچاس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے اور اس حوالے سے مسئلہ کشمیر کا حل اس کے اپنے مفاد میں ہے۔ میانمر اور بنگلا دیش کے درمیان ثالثی سے ثابت ہوتا ہے چین ون بیلٹ ون روڈ منصوبے سے منسلک ممالک کے باہمی تنازعات حل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور دنیا کے مختلف خطوں میں استحکام میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ اخبار نے مزید لکھا ہے اس ساری صورتحال کے باوجود مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی چین کے لئے مشکل ترین چیلنج ہو گا۔ اخبار نے لکھا ہے چینی فوجی دستوں نے حال ہی میں پاکستان میں یوم آزادی کی تقریبات میں بھی شرکت کی ہے جو علاقائی استحکام میں چین کے بڑھتے ہوئے کردار کا اظہار ہے۔