اسلامی اتحاد کے معملہ پر قائمہ کمیٹی دفاع کا اجلاس مکتہ المکرم میں بلایا جائے: محمود اچکزئی کی تجویز
اسلام آباد (آئی این پی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے اجلاس کی کارروائی کے دوران حکومتی اتحادی محمود خان اچکزئی نے اسلامی دفاعی اتحاد کے معاملے پر مکۃ المکرمہ میں کمیٹی کا اجلاس طلب کرنے کی تجویز دے دی۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس طرح قائمہ کمیٹی دفاع کی متذکرہ اتحاد کے سربراہ جنرل (ر) راحیل شریف سے بھی ملاقات ہوجائے گی‘ وہاں تعینات تین فوجی افسران کی تصویر گزشتہ روز شائع ہوئی جس میں مسکراتے یہ افسران مکے دکھا رہے ہیں ‘ارادہ تو لڑائی کا لگتا ہے‘ اجلاس کے دوران بھارتی تاجر سجن جندال کے دورہ مری کا بھی تذکرہ ہوگیا‘ عامر ڈوگر نے کہا کہ تگڑا تگڑا ہی ہوتا ہے جو بغیر ویزے کے مری پہنچ جاتا ہے‘ جب کہ کمیٹی نے محرک کی عدم موجودگی کے باعث نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز ترمیمی بل 2017 کو آئندہ اجلاس تک موخر کردیا گیا۔ منگل کو قائمہ کمیٹی برائے دفاع کا اجلاس پارلیمنٹ لاجز میں ہوا چیئرمین کمیٹی شیخ روحیل اصغر نے اجلاس کی صدارت کی۔ متذکرہ بل میں پی پی پی کی رکن ڈاکٹر عذرا فضل پچیہو کی ترمیم کی نیشنل میڈیکل یونیورسٹی کے حکام نے مخالفت کردی۔ ترمیم میں نیشنل میڈیکل یونیورسٹی کو پی ایم ڈی سی کو جواب دہ بنانے کی تجویز دی گئی یونیورسٹی کے ڈائریکٹر ایڈمن نے ترمیم کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یونیورسٹی کا قانون ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے وضع کردہ معیار کے مطابق بنایا گیا ہے۔ یونیورسٹی پی ایم ڈی سی کے قواعد و ضوابط کے مطابق کام کررہی ہے اور اس کی اجازت کے بغیر ڈگری بھی جاری نہیں کرسکتی۔ سردار شفقت حیات نے کہا کہ بل کے بارے میں سینیٹر فرحت اﷲ بابر اور مولانا عطاء الرحمن کے بھی اختلافی نوٹ ہیں سینٹ کے ریکارڈ کو منگوایا جائے۔ پی ایم ڈی سی کو ایکٹ آف پارلیمنٹ کے تحت میڈیکل کے کورسز کے معیار‘ داخلوں‘ امیدوار کی اہلیت اور اساتذہ کا معیار مقرر کرنے کا اختیار حاصل ہے اگر ترمیم کرلی جاتی ہے تو پیغام اچھا ہوگا کمیٹی نے اتفاق رائے سے آئندہ اجلاس میں پی ایم ڈی سی اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے حکام کو مدعو کرلیا۔ اجلاس کے دوران سید مصطفے محمود نے کمیٹی کو اسلامی عسکری اتحاد اور شام کی صورتحال پر بریفنگ کا مطالبہ کردیا۔ محمود خان اچکزئی نے تجویز دی کہ کمیٹی کا اجلاس مکہ سعودی عرب میں ہونا چاہئے جنرل (ر) راحیل شریف کو بھی کمیٹی میں بلواسکتے ان سے ملاقات بھی ہوجائے گی اور اراکین کو عمرہ کے سعادت بھی حاصل ہوجائے گی۔ چیئرمین کمیٹی شیخ روحیل اصغر نے کہا کہ کیا یہ ایل او سی چھوڑ دیں۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ آج ہی وہاں تعینات تین فوجی افسران کی مسکراتی تصویر شائع ہوئی جس میں وہ مکے لہرا رہے ہیں ارادہ تو لڑائی کا لگتا ہے۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ ہمارے دستے مستقل طور پر تربیت کی فراہمی کے لئے سعودی عرب میں رہتے ہیں۔ سید مصطفے محمود نے کہا کہ طبی امداد کی تو شام میں ضرورت ہے، عامر ڈوگر نے کہا کہ پارلیمنٹ نے واضح فیصلہ کیا تھا کہ پاک فوج کسی جنگ میں حصہ لینے کے لئے نہیں جائے گی۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ ہمیں اپنے حالات کی فکر کرنی چاہئے دوسروں کی ثالثی کرواتے کرواتے ان کی لڑائی اپنے گھر میں لے آئے ہمیں افغانستان کو بھی ہمیںمنہ نہیں لگاناچاہئے ان کی آگ کو اپنے گھر میں نہ لائیں۔ کشور زہرہ نے کہا کہ اب فوجیں بھجوانا خود فوج کے ساتھ زیادتی ہے۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ ایسی بھی بات نہیں تگڑا تگڑا ہوتا ہے ۔عامر ڈوگر نے کہا کہ تگڑا بغیر ویزے کے مری بھی جاسکتا ہے۔ دریں اثنا قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین شیخ روحیل اصغر نے وزارت دفاع کو قومی معاملات پر بریفنگ، لائن آف کنٹرول اور سیاہ چن کے دورے کا بندوبست کرنے کی ہدایت کردی۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین شیخ روحیل اصغر کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا جس میں مختلف ارکان کمیٹی کی جانب سے قومی معاملات پر تحفظات کا اظہار کیا گیا جس کے بعد کمیٹی چیئرمین نے وزارت دفاع کو ہدایت کرتے ہوئے کہا قائمہ کمیٹی لائن آف کنٹرول اور سیاچن کا دورہ کرنا چاہتی ہے لہذا آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف سے بریفنگ کی خواہاں ہے۔ وزارت دفاع فوری طور پر بریفنگ اور دورے کا بندوبست کرے۔