کرپشن کیس: سندھ ہائیکورٹ نے شرجیل میمن کی ضمانت میں 11 مئی تک توسیع کر دی
کراچی (صباح نیوز) محکمہ اطلاعات سندھ میں پونے 6 ارب روپے کی کرپشن کے معاملہ پر نیب نے شرجیل میمن کے خلاف ایک اور انکوائری رپورٹ سندھ ہائی کورٹ میں جمع کروا دی ۔ نیب نے رپورٹ میں کہا ہے کہ شرجیل میمن محکمہ جنگلات کی ہزاروں ایکڑ اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ میں بھی ملوث رہے۔ شرجیل میمن اور دیگر ذمہ داروں کے خلاف بھی تحقیقات ہو رہی ہیں ۔ سندھ ہائی کورٹ میں شرجیل میمن کے خلاف محکمہ اطلاعات سندھ میں پونے چھ ارب روپے کی کرپشن کے کیس میں درخواست ضمانت اور ان کا نام ای سی ایل سے خارج کرنے کے حوالہ سے دو درخواستوں کی سماعت ہوئی ۔ شرجیل انعام میمن دوران سماعت عدالت پیش ہوئے ۔ نیب نے عدالت رپورٹ پیش کرتے بتایا کہ شرجیل میمن کے خلاف محکمہ اطلاعات کے علاوہ محکمہ جنگلات کی زمینوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ کی انکوائری بھی کی جا رہی ہے۔ کرپشن کے حوالہ سے ریفرنس دائر ہو چکا ہے جبکہ زمینوں کی الاٹمنٹ کے حوالہ سے ریفرنس بھی دائر کیا جائے گا۔ عدالت نے نیب کی جانب سے داخل نئی انکوائری رپورٹ پر شرجیل میمن کے وکلاء سے جواب الجواب جمع کروانے کا حکم دیا ہے جبکہ شرجیل میمن کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے حوالہ سے وزارت داخلہ کی جانب سے جواب جمع نہیں کروایا گیا اس پر عدالت نے وزارت داخلہ سے کہا کہ 18 مئی تک جواب جمع کروائے جبکہ عدالت نے شرجیل میمن کی ضمانت میں 11 مئی تک توسیع کر دی۔