خواجہ آصف کے دیرینہ ساتھی سابق ایم پی اے چیئرمین یوسی ڈلو والی تحریک انصاف میں شامل
سیالکوٹ(نامہ نگار) وفاقی وزیر دفاع و پانی و بجلی خواجہ محمد آصف کے دیرینہ ساتھی و مسلم لیگ (ن) کے سابق رکن پنجاب اسمبلی چوہدری محمد اخلاق اور خواجہ محمد آصف کے سابق پرسنل سیکرٹری زاہد ملک اور دیگر ساتھیوں نے عمر ڈار کے ساتھ عمران خان سے اسلام آباد بنی گالہ میں ملاقات کرکے پی ٹی آئی میں شمولت اختیار کرنے کا اعلان کیا۔ چوہدری محمد اخلاق اور زاہد ملک دو دہائیوں سے مسلم لیگ(ن) سے وابستہ رہے اور انکا شمار خواجہ محمد آصف کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا۔ چوہدری محمد اخلاق نے دوہری شہریت سے پنجاب اسمبلی سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ چوہدری محمد اخلاق نے مسلم لیگ (ن) قیادت کی طرف سے اس یقین دہانی کے بعد کہ انہیں ضلع کونسل سیالکوٹ کا چیئرمین بنایا جائیگا، نے اپنا ووٹ شہر نواحی گاؤں ڈالووالی منتقل کیا اور یہاں سے بھاری اکثریت سے چیئرمین ڈالووالی یونین کونسل منتخب ہوئے۔ بعد ازاں چوہدری محمد اخلاق کی بجائے رکن پنجاب اسمبلی جاوید ارشد وڑائچ کی بیٹی کو چیئرمین ضلع کونسل بنا دیا گیا۔ چوہدری محمد اخلاق نے عمران خان سے ملاقات کے بعد ٹیلی فون پر ’’نوائے وقت‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جس جماعت میں کارکنوں کی عزت نہ ہواسے چھوڑ دینا چاہئے۔ سابق رکن صوبائی اسمبلی چوہدری محمد اخلاق نے مزید کہا کہ عمران خان کو 7مئی کو سیالکوٹ میں جلسہ عام کے موقعہ پر تاریخی استقبال کیا جائے گا اور ان کی قیادت میں سیالکوٹ میں مسلم لیگ (ن) کے برجوں کو شکست دی جائیگی۔