پی ٹی آئی کے عہدیدار کی تھانہ میں وڈیرہ گردی، دھمکیاں، ایس ایچ او کی منتیں
کنری( نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ) پی ٹی آئی کے رہنما کی تھانے آمد اور ایس ایچ او کے ساتھ تلخ کلامی کے بعد لاک اپ کردیاگیا۔ پی پی پی ایم پی اے تیمور تالپور کے کزن او ر پی ٹی آئی کے رہنما زید تالپور ایک آبادگار پر پانی چوری کا مقدمہ درج ہونے کی اطلاع پر نصف شب کنری تھانے پہنچے اور مقدمہ درج کرنے سے متعلق ایس ایچ او تصو ر حسین جٹ سے باز پرس کی جس پر ایس ایچ او نے ان کو تسلی دی کہ کسی آبادگار پر مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔ ڈی ایس پی کنری شیر خان بھی تھانے پہنچ گئے صورتحال خراب ہونے پر انہوں نے پی ٹی آئی رہنما کے بیٹے حسن تالپور او ران کے تین ملازمین کو لاک اپ کردیا پولیس نے پی ٹی آئی رہنما کی میڈیکل کرانے کی بھی کوشش کی لیکن وہ اس میں ناکام رہے۔ نواب تالپور نے تھانے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پولیس کمدار کا کردار ادا کررہی ہے۔ ایم پی اے کی ایما پر پولیس اور ایس ڈی او آب پاشی ملی بھگت کرکے چھوٹے آبادگاروں پر مقدمات درج کرکے ان کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنارہی ہے۔ ایس ایچ او تصور جٹ نے بتایا کہ نواب زید تالپور تھانے آیا تو وہ شراب کے نشے میں دھت تھا۔ میری غیر موجودگی میں آفس میں میری کرسی پر براجمان ہوگیا اور حملہ آور ہونے کی کوشش کی نواب زید نے افسران بالا سے بھی موبائل فون پر بدتمیزی کی اور قانون کو ہاتھ میں لیا۔ بعد ازاں علی الصبح چار گھنٹے بعد ان کو رہا کردیا گیا۔ پولیس نے کار سرکار میں مداخلت کرنے کے الزام میں نواب زید تالپور ان کے بیٹے حسن تالپور، محمد جمیل ماروڑا اور دو ملازمین کریم او رشفیع پر مقدمہ درج کرلیا ہے۔