سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن منسوخی کیلئے درخواست، چیف الیکشن کمشنر کو دوبارہ نوٹس جاری
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے ٹیکس گوشوارے اور ذرائع آمدن ظاہر نہ کرنے پر مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، ق لیگ اور تحریک انصاف سمیت تین سو تیتیس سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن منسوخی کی درخواست پر چیف الیکشن کمشنر کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے سماعت کی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ آئین کے آرٹیکل سترہ اور عوامی نمائندگی ایکٹ کے سیکشن تیرہ کے تحت تمام سیاسی جماعتیں ٹیکس گوشوارے، ذرائع آمدن اور جماعتی اثاثوں کی تفصیلات الیکشن کمشن کو جمع کرانے کی پابند ہیں۔ کسی ایک سیاسی جماعت نے بھی آئین اور قانون پر عمل کرتے ہوئے اپنے اثاثوں، ٹیکس گوشواروں اور ذرائع آمدن کی تفصیلات الیکشن کمشن کو جمع نہیں کرائیں۔اس کے باوجود الیکشن کمشن نے ملکی سیاسی جماعتوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی حکم کے مطابق الیکشن کمشن کو جواب داخل کرنے کی ہدایت کی گئی تھی مگر ان کا کوئی نمائندہ جواب لے کر نہیں آیا۔