وزارت داخلہ نیوز لیکس سے متعلق نوٹیفکیشن رواں ہفتے جاری کرے گی: رانا ثناء اللہ
لاہور (این این آئی)صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ وزارت داخلہ نیوز لیکس کے حوالے سے رواں ہفتے نوٹیفکیشن جاری کریگی جو کمیٹی کی نافذ العمل سفارشات پر مبنی ہوگا ۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا وزارت داخلہ کے نوٹیفکیشن کے بعد کوئی کنفیوژن یا غلط فہمی نہیں رہے گی اور اس معاملے پر سول ملٹری تعلقات کے حوالے سے تمام قیاس آرائیاں بھی دم توڑ دیں گی۔صوبائی وزیر کے مطابق وزیرداخلہ چوہدری نثار پہلے ہی واضح کرچکے ہیں کہ ان کی وزارت کو یہ نوٹیفکیشن جاری کرنا تھا تاہم وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے احکامات سے غیر ضروری کنفیوژن پھیل گئی۔انھوں نے کہا وزیراعظم پہلے ہی کمیٹی کی رپورٹ کی منظوری دے چکے ہیں اور رپورٹ کا پیرا 18 جو نافذ العمل حصہ ہے اس کی بھی منظوری دے چکے ہیں۔انہوںنے کہا میرا موقف ہے کہ نوٹیفکیشن میں شامل سفارشات کو کمیٹی نے متفقہ طور پر وضع کیا ہے۔رانا ثنااللہ نے فوج کے ساتھ تعلقات کو مثالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ لوگ جو نوٹیفکیشن کے بعدسنگین چپقلش کی پیش گوئیاں کررہے تھے انھیں مایوسی ہوگی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ آپریشن رد الفساد کی مثال لے لیجیے، جہاں فوج نے دہشت گردوں کے خلاف توجہ مرکوز کر رکھی ہے اور حکومت تمام معاملات میں تعاون کررہی ہے۔