لاہور :سی پیک گیم چینجر منصوبہ، انفارمیشن ٹیکنالوجی پر توجہ دینا ہوگی: صدر ممنون
لاہور (خصوصی رپورٹر) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری اس خطے کیلئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی طرف بھرپور توجہ دینا ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ورچوئل یونیورسٹی کے آٹھویں سالانہ کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر ممنون حسین نے مزید کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ایجاد نے اس دنیا کو بدل کر رکھ دیا ہے اور یہ شعبہ ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں تعلیمی اور صنعتی اداروں کو قومیانے کی وجہ سے انسانی ترقی پر برے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ ورچوئل یونیورسٹی جیسے دوسرے ادارے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں طلبہ کو بہتر معیار تعلیم فراہم کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ورچوئل یونیورسٹی مواصلات کے جدید ذرائع کو استعمال میں لاکر نہ صرف تعلیم کو عام کررہی ہے بلکہ ان طلبہ کو بھی تعلیم کی روشنی پہنچا رہی ہے جو وسائل کی کمی اور دور دراز فاصلوں کے باعث تعلیم کے مراکز تک نہیں پہنچ پاتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جیسے معاشروں میں جہاں تعلیم کی شرح کم ہے اور اس کے فروغ میں وسائل کی کمی آڑے آتی ہے وہاں اس طرح کے تعلیمی اداروں کی اہمیت میں اضافہ ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین راہداری کی تکمیل سے آنے والے دنوں میں ان علوم میں مزید وسعت آئے گی۔ کانووکیشن میں بی ایڈ ایلیمنٹری، ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام، دو سالہ بیچلر ڈگری پروگرام، 4 سالہ بیچلر ڈگری پروگرام، دو سالہ ڈگری پروگرام اور ایم ایس/ ایم فل پروگرام کے لاہور میں 2166 طلباء طالبات کو ڈگریاں، گولڈ میڈلز اور تعریفی اسناد بھی دی گئیں۔ تقریب سے ریکٹر ورچوئل یونیورسٹی نوید اے ملک نے بھی خطاب کیا۔