حافظ سعید و دیگر کی نظربندی میں توسیع کی مذمت کرتے ہیں: مذہبی، سیاسی قائدین
لاہور (سپیشل رپورٹر) دفاع پاکستان کونسل سمیت مختلف مذہبی، سیاسی و کشمیری جماعتوں کے قائدین نے جماعۃالدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید و دیگر رہنمائوں کی نظربندی میں تین ماہ کی توسیع کئے جانے کے حکومتی فیصلہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی و امریکی دبائو پر حافظ محمد سعید و دیگر رہنمائوں کو بلاوجہ نظربند رکھنا افسوسناک ہے۔ جندال کے دورہ پاکستان کے بعد ان کی نظربندی میں توسیع پر شکوک شبہات جنم لینا فطری امر ہے۔ مودی سرکار کی خوشنودی کیلئے کشمیریوں کی کمر میں خنجر گھونپا جا رہا ہے۔ بھارت سرکار نے کشمیر میں ظلم و بربریت کی انتہا کر رکھی ہے اور پاکستانی حکمران انڈیا سے دوستی نبھانے کیلئے حافظ محمد سعید جیسے رہنمائوں کی نظربندی بڑھانے میں مصروف ہیں۔ حکومت پاکستان کشمیری و پاکستانی قوم کے جذبات کی ترجمانی نہیں کر رہی۔ بیرونی دبائو کا شکار ہونے کی بجائے ملکی و قومی مفادات کو مدنظر رکھنے کی ضرورت ہے۔ کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کئے گئے ملک میں دشمن قوتوں کی ڈکٹیشن پر فیصلے کئے جا رہے ہیں۔ حافظ محمد سعید و دیگر رہنمائوں کو فی الفور رہا کر کے جدوجہد آزادی کشمیرکو مضبوط کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق، پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، لیاقت بلوچ، سردار عتیق احمد خاں، پیر سید ہارون علی گیلانی، اجمل خاں وزیر، مولانا فضل الرحمن خلیل، علامہ ابتسام الہٰی ظہیر، حافظ عبدالغفارروپڑی اور سید ضیاء اللہ شاہ بخاری نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کیا۔ دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق نے کہاکہ حافظ محمد سعید کشمیر کی آزادی کی بات کرتے ہیں۔ انہیں پابند سلاسل کرنے کا مطلب حکومت کا کشمیر سے لاتعلقی اختیار کرنا ہے۔ حافظ محمد سعید کی نظربندی جیسے حکومتی اقدامات سے لگتا ہے کہ ان کی کشمیر پر باتیں منافقت پر مبنی ہیں۔جماعۃالدعوۃ کے رہنمائوں کا جرم جدوجہد آزادی کشمیر کی حمایت اوربھارتی سازشوں کیخلاف بھرپور آواز بلند کرنا ہے۔ حافظ محمد سعید نے سال2017کشمیر کے نام کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ملک گیر سطح پر پروگراموں کا آغاز کیا تو بھارت سرکار کی جانب سے شدید پروپیگنڈا کیاگیا جس پر انہیں نظربند کر دیاگیا۔ انہوںنے کہاکہ حافظ محمد سعید کو نظر بند کر کے دفاع پاکستان کونسل کو مفلوج کرنے کی کوشش کی گئی ہے ہم ان کی نظر بندی میں تین ماہ کی مزید توسیع پر شدید احتجاج کرتے ہیں۔ جماعۃالدعوۃ سیاسی امور کے سربراہ حافظ عبدالرحمن مکی نے کہاکہ حافظ محمد سعیدودیگر رہنمائوں کی نظربندی میں توسیع بدنیتی پر مبنی اقدام ہے۔ حکومت کشمیر پر قومی پالیسیوں سے انحراف کر رہی ہے۔ بیک چینل ڈپلومیسی کے ذریعہ کشمیر پرسودے بازی کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ خفیہ ڈپلومیسی سے کشمیر پر سودے بازی کیلئے ورکنگ ہو رہی ہے۔ شہ رگ کشمیر کو نقصان پہنچایا جارہا ہے۔