حکمران بھاگ گئے‘ کل مینار پاکستان نہیں ناصر باغ میں کیمپ لگائیں گے: پیپلزپارٹی
لاہور (خبر نگار) پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب کے صدر قمرالزمان کائرہ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات چودھری منظور احمد، صوبائی سیکرٹری اطلاعا ت مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے تخت رائیونڈ کو للکارا تو حکمران خوفزدہ ہوکر مینار پاکستان پر کیمپ لگانے کی اجازت دینے سے بھاگ گئے، کل 4مئی کو ناصر باغ میں کیمپ لگائیں گے۔ وہ پیپلز پارٹی کی احتجاجی تحریک کے سلسلے میں گذشتہ روز پیکو روڈ اور ڈیفنس میں پیپلز پارٹی کے احتجاجی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ جلسوں سے نوید چودھری، خرم لطیف کھوسہ، ملک عثمان سلیم اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ قمر الزمان کائرہ نے کہا حکومت نے پیپلز پارٹی سے خوفزدہ ہوکر مینار پاکستان پر کیمپ لگانے کی اجازت نہیں دی حالانکہ ہم نے پُرامن رہنے کی یقین دہانی کرائی تھی، اب ہم کل ناصر باغ میں حکمرانوں کو یاد دلائیں گے ۔ انہوںنے مینار پاکستان کے سائے تلے بیٹھ کر پاکستانی قوم سے جو وعدے کئے تھے وہ پورے نہیں ہوئے ملک سے اندھیرے ختم ہوئے ہیں نہ غریب پیٹ بھر کر روٹی کھاتا ہے۔ انہوں نے کہا شوباز تو کہتا تھا پی پی پی ختم ہوگئی تو پھر مینار پاکستان پر کیمپ کی اجازت دینے سے کیوں بھاگے؟ دراصل شریفوں کو پتہ ہے انہیںجیالے ہی پنجاب سے نکالیں گے۔ انہوں نے کہا حکمران ہمارے احتجاجی کیمپ سے خوفزدہ ہوگئے ہیں تو پھر بلاول کے جلسوں پرانکا کیا حال ہوگا۔ ہم ڈبہ رکھیں گے اور شوباز کانام بدلنے کیلئے عوام سے تجاویز لیں گے کیونکہ یہ شوباز کی خواہش تھی جسے جیالے پورا کریں گے۔ اب یہ مقبول نعرہ ہے بندہ نمبر دو نواز، گونواز گونواز۔اس موقع پر کارکنوں نے دیر تک ’’مک گیا تیرا شو نواز، گونواز ، گونواز‘‘ کے نعرے لگائے ۔ قمر الزمان کائرہ نے کہا پہلے تو ہم کہتے تھے لیکن اب عدالت نے کہہ دیا ہے شریف کرپشن میں پکڑے گئے ہیں۔ انہوںنے میٹرو، اورنج ٹرین‘ موٹر وے کا ریکارڈ جلایا۔ میں سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سے کہتا ہوںآگاہ رہئے کہیں یہ سپریم کورٹ کے ریکارڈ کو آگ نہ لگا دیں۔ چوہدری منظور احمد نے کہا غریب اور مزدور دشمن حکمران عوام سے دشمنی نبھارہے ہیں ان کے تمام اقدامات غریب مکائو مہم کا حصہ ہیں۔ مصطفی نواز کھوکھر نے پیپلز پارٹی نے لاہور سے تخت رائیونڈ کو للکارا ہے جس کے بعد سے حکمرانوںکی پریشانی کم نہیں ہورہی، 4مئی کے کیمپ میں جیالے شریفوں کیخلاف بڑی تحریک کا اعلان کریں گے جس کو کوئی نہیںروک سکے گا۔ نوید چودھری نے کہا شریف خاندان کو کرپشن کے سوا کوئی کام نہیں آتا‘ یہ غریب کو تکلیف پہنچانے کا جواز ڈھونڈتے ہیں‘ آج جس تیزی سے قبرستان آباد ہو رہے ہیں اس سے اندازہ ہوتا ہے ملک سے کتنی تیزی کیساتھ غربت کا خاتمہ ہو رہا ہے۔ پیکو روڈ اور ڈیفنس میں ہونے والے الگ الگ اجتماعات میں ہزاروں کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ جب رہنما پنڈال میں پہنچے تو ان کا زبردست استقبال کیا گیا۔ پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما نوید چودھری اسلم گل اور افتخار شاہد نے ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی جہاں مینار پاکستان کی بجائے ناصرباغ میں احتجاجی کیمپ لگانے کے حوالے سے مذاکرات ہوئے۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے پیپلزپارٹی کے رہنمائوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔