ہائیکورٹ کا غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر تقسیم کار کمپنیوں، وزارت پانی و بجلی سے جواب طلب
لاہور + شیخوپورہ + کراچی (وقائع نگار خصوصی+ نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی+ سٹاف رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ نے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کیخلاف دائر درخواست پر تقسیم کار کمپنیوں اور وزارت پانی و بجلی سے جواب طلب کر لیا۔ درخواست گزار محمد اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ حکومت نے 2013ء کے الیکشن میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے وعدے کئے۔ حکومتی وعدوں کے باوجود لوڈشیڈنگ ختم نہیں کی گئی بلکہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا لا متناہی سلسلہ جاری ہے۔ دوسری طرف کراچی میں خرابی کے باعث شہر میں 12 گرڈ اسٹیشن ٹرپ کرگئے جس کی وجہ سے بیشتر علاقے منگل کی شب اندھیرے میں ڈوب گئے۔ تاہم آدھے گھنٹے بعد بجلی بحال کردی گئی۔ دریں اثناء پنجاب کے مختلف شہروں میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری جبکہ وزارت پانی و بجلی کا دعویٰ کیا ہے کہ کہیں بھی لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی۔ وہاڑی سے نامہ نگار کے مطابق بجلی کی طویل غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے تاجر و عوام خوار ہو گئے اور لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں روزبروز اضافہ ہونے لگا۔ سماجی و تاجر شہریوں نے احتجاج کیا۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ بجلی کی طویل غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ ختم کیا جائے۔ ڈونگہ بونگہ سے نامہ نگار کے مطابق سورج آگ برسانے لگا‘ بازار ویران ہو گئے‘ بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے کاروباری زندگی معطل ہو گئی‘ مزدور محنت کش بے روزگار ہو گئے‘ پینے کے پانی کی قلت پر عوام سراپا احتجاج بن گئے۔ حافظ آباد میں بھی ایک بار پھر غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ شروع ہوگئی جس سے شہری پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر بجلی خواجہ آصف نے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے دعوے کررہے ہیں دوسری جانب کئی کئی گھنٹے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے جینا محال کررکھا ہے۔ اسلام آباد سے نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وزارت پانی و بجلی کے مطابق ملک میں بجلی کی پیداوار 14ہزار 177میگاواٹ اور طلب 18 ہزار 259 میگاواٹ ہے۔ ملک میں بجلی کا شارٹ فال 4 ہزار 82 میگاواٹ ہے۔ ملک میں کہیں بھی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی۔ مزید براں شیخوپورہ اور نواحی علاقوں میں سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کیخلاف سینکڑوں شہریوں نے بھکھی روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں شامل بیسیوں خواتین نے خالی ہنڈیاں اور چولہے اٹھا رکھے تھے مظاہرین نے سخت نعرے بازی کی جن کی قیادت پیپلزپارٹی کے رہنما ملک رضاخان جمالی کررہے تھے جنہوں نے بعدازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ شیخوپورہ میںآر ایم سوئی گیس آفس کا عملہ بلاوجہ سوئی گیس کی چوری کو چھپانے کیلئے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کر رہا ہے۔ آر ایم سوئی گیس شیخوپورہ کو فوری طور پر تبدیل کیا جائے دریں اثناء سوئی گیس کے آر ایم آفس کے ذرائع نے کہا لوڈشیڈنگ کا الزام بھی بے بنیاد ہے۔