مخالفین کا ایجنڈا تخریب کاری، سوگیدڑ بھی آجائیں شیر کھڑا رہتا ہے:نواز شریف
لیہ، جمن شاہ (نمائندہ نوائے وقت+ نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم نواز شریف نے لیہ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیر اور گیدڑ کا کوئی مقابلہ نہیں، سو گیدڑ بھی آ جائیں تو شیر کھڑا رہتا ہے، مخالفین کا ایجنڈا جھوٹ بولنا، الزام تراشی اور تخریب کاری ہے، ہم ان کی گالیوں کا جواب گالیوں سے نہیں دیتے، وہ کیسے قوم کے لیڈر بن سکتے ہیں جنہیں اپنی زبان پر قابو نہ ہو۔ وزیراعظم نے لیہ میں مخالفین کے امیدواروں کی ضمانت ضبط کرانے کا چیلنج کر دیا۔ انہوں نے کہا پاکستان کے دشمن چاہتے ہیں کہ سی پیک نہ بنے، غریبوں کے ہیلتھ کارڈ نہ بنیں۔ دشمن چاہتے ہیں کہ موٹروے نہ بنیں۔ لیہ کے کاشتکاروں کیلئے کھاد سستی کر رہے ہیں۔ ہمارے مخالفین روز گالیاں نکالتے ہیں۔ لیہ سے اپنے امیدوار کو ہمارے خلاف الیکشن لڑوا کر دیکھیں ضمانت ضبط نہ ہو جائے تو کہنا۔ متوالے سب شیر ہیں اور مخالف سب گیدڑ ہیں۔ شیر شیر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا غریب بیمار ہو جائے تو جائیدادیں تک بک جاتی ہیں۔ چند دنوں تک یہاں پر ٹیمیں آ کر سروے کریں گی، پھر تمام افراد کو ہیلتھ کارڈ دیا جائے گا۔ ہم سچ اور اصول کی سیاست کرتے ہیں۔ دوسروں پر الزام تراشی نہیں کی۔ تم نے کبھی غریب کی اور ترقی کی بات کی۔ تمہیں ایک صوبے کی حکومت ملی، تم نئے پاکستان کی بات کرتے تھے، تم نے وہاں بھی پرانا پاکستان کر دیا ہے۔ نیا پاکستان یہ ہے موٹرویز بن رہی ہیں، ہم ترقی کی بات کرتے ہیں۔ عوام سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ آپ جو محبت مجھے دے رہے ہیں اس سے بڑی خوش نصیبی کیا ہو سکتی ہے۔ آپ میرا سرمایہ ہیں۔ بجلی کے تمام کارخانے اگلے سال کے شروع تک 10 ہزار میگاواٹ بجلی لائیں گے۔ الیکشن میں کامیابی سے پہلے آپ کا ماتھا چومنا چاہتا ہوں۔ نواز شریف صرف فیتہ کاٹ کر نہیں جاتا، وعدے پورے کرتا ہے۔ ملتان سے چند گھنٹوں میں کراچی اور چند گھنٹوں میں اسلام آباد پہنچو گے۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری پورے زور شور سے جاری ہے، نیا خیبر پی کے بنانے کا دعویٰ کرنے والوں نے صوبے کو برباد کر دیا ہے اور اس کا برا حال کر دیا۔ کیچڑ اچھالنے والوں نے کبھی قومی مفاد پر بات نہیں کی۔ میں نے زندگی میں کبھی کسی پر کیچڑ نہیں اچھالا۔ انہوں نے کہا آج کا جلسہ مجھے 2018ءکی نوید سنا رہا ہے، مخالفین کی دس جسلیاں بھی اس ایک کا مقابلہ نہیں کر سکتیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ چند دن پہلے بجلی کے کارخانوں نے کام شروع کر دیا ہے، اگلے سال کے شروع تک 10 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں لائیں گے اور لوڈشیڈنگ کی لعنت کو اپنے دور میں ہی ہمیشہ کیلئے ختم کریں گے جس کے بعد بجلی کبھی نہیں جائے گی۔ وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ گھروں اور کاشتکاروں کو سستی بجلی فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ہم نے کھاد اور یوریا بھی سستی کی جس کی قیمت میں مزید کمی لائی جائے گی۔ وزیراعظم نے لیہ کے عوام کیلئے ہیلتھ کارڈ، چوک اعظم، کہروڑ پکا اور فتح پور کے لئے گیس کی فراہمی اور چک 128 سے لیکر سمراں نشیب تک 50 کلومیٹر سڑک بنانے کا اعلان کیا۔ وزیراعظم نے کہا دوستوں کو نہیں بھولتا، 700 کروڑ روپے لیہ کے عوام پر قربان کرتا ہوں، سیاست ہمیشہ عبادت سمجھ کر کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ مخالفین نے الزام تراشی کے سوا کچھ نہیں کیا۔ وزیراعظم نے تونسہ اور ڈی جی خان کے درمیان پل کا سنگ بنیاد رکھا۔ وزیراعظم نے کہا اسلام آباد میں مخالفین کے جلسے میں کرسیاں خالی تھیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ میری گزارش پر آپ نے مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیا اور میرے بھائیوں کو کامیاب کرایا۔ یہاں شامیانے نہ ہوتے تو مخالفین سر جھکا کر بیٹھ جاتے۔ ارکان اسمبلی‘ بلدیاتی ارکان ترقیاتی پروگرام کے ذریعے لیہ کو ترقی دیں گے۔ صباح نیوز کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ نئے پاکستان کا دعویٰ کرنے والوں نے خیبر پی کے کا برا حال کر دیا ہے، ان کا کام صرف لوگوں پر کیچڑ اچھالنا، جھوٹ اور الزام تراشی ہے۔ آن لائن کے مطابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ ہم ملک کی ترقی و خوشحالی چاہتے ہیں مخالفین کا کام جھوٹ اور الزام تراشی ہے۔ میرے کارکن شیر اور مخالفین گیدڑ ہیں، شیروں کا گیدڑ سے مقابلہ نہیں ہوسکتا، 100 گیدڑوں کے سامنے بھی شیر ڈٹا رہتا ہے۔ پاکستان کے دشمن اور مخالفین ملک میں ترقی نہیں چاہتے، کارکن میرا سرمایہ ہیں دل چاہتا ہے دن رات ان کی خدمت کروں، الزام تراشی کی گندی سیاست کبھی نہیں کی۔ نئے پاکستان کی بات کرنے والوں نے کے پی کے کو بھی پرانا کر دیا۔