سیز فائر کی خلاف ورزی کا الزام غلط، پاکستانی ہائی کمشنر:طلب کرنے پر بھارتی حکام کو کھری کھری سنا دیں
نئی دہلی/ راولپنڈی/ اسلام آباد (ایجنسیاں+ سٹاف رپورٹر) بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کو دفتر خارجہ طلب کرکے گزشتہ روز 2 بھارتی فوجیوں کی ہلاکت اور لاشےں مسخ کرنے پر سوالات اور احتجاج کیا گیا جبکہ دونوں ملکوں کے ڈی جی ایم اوز کا بھی رابطہ ہوا۔ پاکستان نے سیز فائرکی خلاف ورزی کے ثبوت مانگ لئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کو دفترخارجہ طلب کیا گیا اور الزام لگایا گیا کہ پاک فوج نے بھارت کے 2 فوجیوں کو ہلاک کرکے ان کی نعشوں کی تضحیک کی ہے۔ بھارتی سیکرٹری خارجہ نے پاکستانی ہائی کمشنر کو احتجاجی مراسلہ بھی دیا۔ پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے بھارتی احتجاج مسترد کرتے ہوئے کہا پاک فوج کی جانب سے سیز فائر کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی گئی۔ بھارت کی جانب سے صرف الزامات لگائے جارہے ہیں جو جھوٹ پر مبنی ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستانی ہائی کمشنر نے واضح کیا پاکستان امن پسند ملک ہے اور ہمسایہ ممالک کیساتھ تعلقات خوشگوار رکھنے کی پالیسی پرگامزن ہے۔ پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل برائے ملٹری آپریشنز نے گزشتہ روز ہاٹ لائن پر اپنے بھارتی ہم منصب سے رابطہ کر کے اس الزام کو دو ٹوک انداز میں مسترد کر دیا کہ پاک فوج نے دو بھارتی فوجیوں کو ہلاک کر کے لاشوں کی بے حرمتی کی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ڈی جی ایم او نے ہاٹ لائن پر ہفتہ وار رابطہ میں ان پر واضح کیا کہ مذکورہ سیکٹر میں نہ کوئی جنگ بندی کی خلاف ورزی ہوئی ہے اور نہ ہی پاکستانی فوجیوں نے کنٹرول لائن عبور کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی فوج ایک انتہائی پیشہ ور فوج ہے اور اس نے اعلیٰ اخلاقی اقدار کو برقرار رکھا ہوا ہے جب کہ فوجیوں کی لاشوں کی بے حرمتی کے بھارتی الزامات کا مقصد مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے عالمی توجہ ہٹانا ہے۔ ڈی جی ملٹری آپریشن نے بھارتی ہم منصب سے مطالبہ کیا کہ وہ لاشوں کی بے حرمتی کے بارے میں ایسی اطلاعات فراہم کریں جن پر ایکشن لیا جا سکتا ہو۔ ڈی جی ایم او نے اس بات پر زور دیا کہ بھارتی فوج اپنی صفوں میں بھی اس واقعہ کی چھان بین کرے۔ ساتھ ہی انہوں نے خبردار کیا کہ پاکستان کنٹرول لائن پر امن، آشتی برقرار رکھنے کے لئے پرعزم ہے تاہم دوسری طرف سے کی جانے والی کسی بھی مہم جوئی کا جواب اپنی مرضی کے وقت اور مقام پر دیا جائے گا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق راولا کوٹ اور پونچھ سیکٹر کے پاک بھارت مقامی کمانڈروں کے درمیان بھی ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا تھا جس میں بھارتی کمانڈر کو آگاہ کیا گیا تھا کہ پاکستان نے جنگ بندی معاہدے کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی۔ ایک انٹرویو میں بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا ہے کہ کشمیر کے بنیادی مسئلے کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کا قیام ممکن نہیں ہے۔ گزشتہ روز ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا عالمی برادری کو اس مسئلے کو کشمیری عوام اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا پاکستان ترکی کے صدر کی جانب سے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر کے مسئلے کے حل کیلئے ثالثی کی پیشکش کا احترام کرتا ہے۔