باربا ڈوس ٹیسٹ: اظہر علی کی سنچری‘ مصباح 99 رنز پر آئوٹ
کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پاکستان نے بارباڈوس ٹیسٹ میں میزبان ٹیم کے خلاف اپنی جوابی اننگ میں چائے کے وقفے سے قبل 7 وکٹوں کے نقصان پر 339 رنز بنا کر 27 رنز کی برتری حاصل کر لی۔ میچ کے تیسرے روز پاکستان کے اوپنر اظہر علی نے اپنی سنچری مکمل کی جبکہ کپتان مصباح الحق ایک بار پھر اپنی سنچری مکمل نہ کر سکے‘ وہ 99 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے اس سے قبل وہ پہلے ٹیسٹ میں 99 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے تھے۔ جبکہ وہ اپنے کیریئر میں اس سے قبل بھی 99 رنز پر ناٹ آئوٹ پویلین لوٹے تھے۔ اس طرح وہ تین بار 99 رنز پر پویلین لوٹنے والے وہ دنیا کے واحد بیٹسمین بن گئے ہیں۔ بارباڈوس میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن پاکستان کی پہلی اننگز میں کپتان مصباح الحق ایک مرتبہ پھر سنچری بنانے میں ناکام رہے۔ مصباح الحق نے 200 گیندوں پر 99 رن بنائے اور ہولڈر کی گیند پر آئوٹ ہو گئے اس سے قبل امپائر نے ان کے خلاف ایل بی ڈبلیو کی اپیل مسترد کر دی تھی۔ منگل کو اوپنر اظہر علی اور کپتان مصباح الحق نے 172 رنز سے اننگز کا آغاز کیا‘ کھانے کے وقفے تک پاکستان نے چاروکٹوں کے نقصان پر 260 رنز بنا لئے تھے۔ تیسرے دن آؤٹ ہونے والی پہلے کھلاڑی اظہر علی تھے جو سنچری مکمل کر کے 105 رنز پر آؤٹ ہو گئے۔ مصباح الحق کو ہولڈر کی گیند پر ہوپ نے 99 رنز پر کیچ کیا اسد شفیق 15 رنز اور سرفراز احمد 19 رنز بناسکے۔ اس سے قبل دوسرے دن کے آغاز میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 312 رنز کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہو گئی تھی۔ پاکستانی اوپنرز نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 155 رنز کی شراکت کی۔ پاکستان کے پہلے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی احمد شہزاد تھے جنہوں نے 70 رنز بنائے اس کے بعد بابر اعظم اور یونس خان جلد ہی آئوٹ ہو گئے اور دونوں کوئی اسکور نہ کر سکے۔ پاکستان کی جانب سے اپنا دوسرا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے محمد عباس نے ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز میں 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔