پرویز مشرف کیخلاف جج نظربندی کیس کی سماعت 29 مئی تک ملتوی
اسلام آباد (نامہ نگار) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ملزم پرویز مشرف کیخلاف ججز نظر بندی کیس کی سماعت29مئی تک ملتوی کر دی، گزشتہ روز کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج سید کوثر عباس زیدی نے کی، سپیشل پراسیکوٹر عامر ندیم تابش نے موقف اپنایا کہ عدالت کی جانب سے ملزم پرویز مشرف کو اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے، ملزم کی جانب سے اب وزارت دفاع سے سیکورٹی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے، پہلے بھی وزارت داخلہ کی جانب سے ملزم کو سیکورٹی دی گئی لیکن وہ عدالت میں پیش نہیں ہوا، ملزم بیرون ملک ہے تو عدالت سیکورٹی کیسے دے سکتی ہے؟ ملزم اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے اب ملزم کی جانب سے کوئی وکیل درخواست نہیں دے سکتا، اگر ملزم آنا چاہتا ہے تو عدالت کو اپنا ٹکٹ یا پاسپورٹ دکھائے، یہ قیاس آرائیاں ہیں کہ وہ آنا چاہتا ہے، عامر ندیم تابش نے کہا کہ ملزم نے پہلے بھی سیکورٹی مانگی تھی وزارت داخلہ کی جانب سے2014میں جواب دیا گیا تھا کہ سیکورٹی دینے کو تیار ہیں لیکن ملزم عدالت میں پیش نہیں ہوا، اس موقع پر ملزم کے کونسل کی عدم حاضری پر کیس کی سماعت29مئی تک ملتوی کر دی، عامر ندیم تابش نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ہی مذکورہ کیس میں ملزم کو مستقل استثنیٰ کی درخواست خارج ہونے کے باوجود پچاس سے زائد مرتبہ ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ دیا گیا جسکی عدالتی تاریخ میں کوئی نظیر نہیں ملتی، اب ملزم اشتہاری ہے قانونی تقاضے پورے کئے بغیر کوئی بھی ملزم کی جانب سے پیش نہیں ہو سکتا۔
جج نظربندی کیس